فاٹا کو پاکستان میں شامل کرنے کے لئے اصلاحات تیار کی گئی ہیں،وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی ان اصلاحات پر اتفاق رائے حاصل کرے گی

گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا کی پی ٹی وی سے خصوصی گفتگو

ہفتہ 27 اگست 2016 22:39

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست ۔2016ء) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ فاٹا کو پاکستان میں شامل کرنے کے لئے اصلاحات تیار کی گئی ہیں،وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی ان اصلاحات پر اتفاق رائے حاصل کرے گی،وزیر اعظم محمد نواز شریف کی پالیسی پورے ملک کی ترقی و خوشحالی ہے اسلیے خیبر پختونخواہ کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی کوشاں ہیں، تعلیم کا فروغ اور صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام فوکس پاکستان میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت فاٹا میں اصلاحات کر رہی ہے اور یہ فاٹا اصلاحات موجودہ حکومت کا اہم اقدام ہے جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے انہوں نے ملکی عوام کے لیے وہ کام کیے جس سے نہ صرف یہ قوم مضبوط ہو بلکہ ملک ترقی بھی کرے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات کے مطابق فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ فاٹا کی عوام کی امنگوں اور آراء کے مطابق ہی کیا جائے گا اور ان پر کوئی فیصلہ زبردستی نہیں ڈالا جائے گا، اس ضمن میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی سربراہی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کر رہے ہیں جو کہ وسیع تجربے کے حامل ہیں، گورنر کے پی کے کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے قبائلیوں کے سبربراہ سے بھی بات چیت جاری ہے اور ان سے اس ضمن میں مذکورہ کمیٹی کی میٹنگز بھی ہو چکی ہیں،فاٹا اصلاحات کے لیے جو بھی قانون بنایا جائے گا اسے پارلیمنٹ میں بھی پیش کیا جائے گا، موجودہ حکومت ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوشاں ہے جس کے لیے اہم اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے قبائلی علاقوں میں کافی نقصان ہوا، بنیادی ڈھانچہ بھی تباہ ہو گیا اور لوگ بے گھر بھی ہوگئے جن کی بحالی اور دوبارہ گھروں میں واپسی کے لیے موجودہ حکومت اہم اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیرنو ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ لوگوں کو بہتر معیار زندگی فراہم کیا جا سکے، آئی ڈی پیز کی واپسی کا عمل کامیابی سے جاری ہے اور وزیرستان کے علاوہ باقی تمام علاقوں کے آئی ڈی پیز کی واپسی اپنے گھروں میں منتقلی کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور خیبر سمیت باجوڑ اور مہمند کے متاثرین کی 100 فیصد واپسی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، اورکزئی اور وزیرستان کے باقی رہ جانے والے آئی ڈی پیز کی انکے علاقوں میں واپسی کے لیے ہدف مقرر کر لیا ہے اوریہ عمل رواں سال نومبر کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا اور تمام آئی ڈی پیز کو ان کے علاقوں میں واپس بھیج دیا جائے گا، وفاقی حکومت عارضی نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے آئی ڈی پیز کے فنڈز میں کبھی کوئی کمی نہیں آنے دی، فاٹا میں سیکیورٹی کے لیے بارڈر مینجمنٹ کو بھی بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے جس کے لیے کام کر رہے ہیں جبکہ قبائلی علاقوں میں یونیورسٹی کا بھی جلد ہی آغاز کر دیا جائے گا تاکہ یہاں شرح خواندگی کو بڑھایا جا سکے، فاٹا میں شرح خواندگی کو عالمی سطح تک لے جانے کے لیے کوشاں ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ فاتا میں حالیہ پولیو مہم بھی انتہائی کامیاب رہی اور ہمیں کافی حد تک اہداف حاصل بھی ہوئے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افگان مہاجرین ہمارے مہمان ہیں جن کو انتہائی عزت سے رخصت کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :