وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو ترکی کے دورے کے دوران غیر معمولی پروٹوکول

ترک صدر اور وزیر اعظم نے طے شدہ مصروفیات سے وقت نکال کر وزیر اعلی سے خصوصی طور پر ملاقاتیں کیں رجب طیب اردوان سے شہباز شریف کی ملاقات کا طے شدہ دورانیہ 60 منٹ تھا جو 90 منٹ تک جاری رہی بن علی یلدرم سے ہونے والی ملاقات بھی طے شدہ دورانیہ سے طویل اور2 گھنٹے تک جاری رہی

ہفتہ 27 اگست 2016 22:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو ترکی کے دورے کے دوران غیر معمولی پروٹوکول دیا گیا۔ سفارتی حلقوں کے مطابق اس طرح کا پروٹوکول صرف سربراہان مملکت کو دیا جاتا ہے۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیر اعظم بن علی یلدرم نے اپنی پہلے سے طے شدہ مصروفیات سے وقت نکال کر وزیر اعلی شہباز شریف سے خصوصی طور پر ملاقاتیں کیں ۔

واضح رہے کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی ترک صدر اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں پہلے سے طے نہ تھیں تا ہم وزیر اعلی کی استنبول آمد پران ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیاجو اس بات کا مظہر ہے کہ ترک لیڈر شپ پاکستان کی قیادت کو بہت اہمیت دیتی ہے ۔ایوان صدر میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے وزیر اعلی شہباز شریف کی ملاقات کا طے شدہ دورانیہ 60 منٹ تھا تا ہم یہ ملاقات 90 منٹ تک جاری رہی۔

(جاری ہے)

ترک صدر نے بغاوت کی کوشش کے دوران وزیر اعلی شہباز شریف کی جانب سے بھرپور یکجہتی کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ایوان وزیر اعظم میں ترک وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات بھی طے شدہ دورانیہ سے طویل رہی اور2 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات کے دوران ترک وزیر اعظم نے پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف کو جمہوریت کے خلاف ہونے والی بغاوت کے واقعات اور عوام کے ردعمل سے آگاہ کیااور ترک وزیر اعظم نے وزیر اعلی شہباز شریف اور ان کے وفد کو وہ مقامات بھی دکھائے جہاں تک باغی پہنچ چکے تھے تاہم بعد میں ترک عوام اور فورسز کی بھرپور مزاحمت کے باعث باغیوں کو ناکام لوٹنا پڑا۔

وزیر اعلی سے ملاقات کے دوران ہی ترکی کے وزیر اعظم نے ترک وزیر صحت کو فون کر کے پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ترک وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب میرا دوسرا گھر اور شہباز شریف میرے بھائی ہیں -اس لئے پنجاب کی ترقی ہمیں بے حد عزیز ہے ۔ ترک رہنماؤں نے وزیر اعلی شہباز شریف سے ملاقاتوں کے دوران پاک ترک دوستی کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :