خوشحال ، مضبوط پاکستان کے لئے قیام پاکستان والے جذبے کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے، مقبوضہ کشمیر کی عوام کی تحریک آزادی پاکستان کے عوام بھرپور حمایت کرتے ہیں، سردار یوسف

چوہدری رحمت علی پاکستان کے ہیرو ہیں، ان کا جسدخاکی اعزاز کے ساتھ پاکستان لائیں گے،چوہدری جعفر اقبال وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اﷲ زہری کا استحکام پاکستان گجر کنونشن سے خطاب

ہفتہ 27 اگست 2016 22:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ناب ثناء اﷲ زہری نے کہا ہے کہ پر امن ، باوقار اور ترقی یافتہ پاکستان ہمارا خواب ہے اور اس خواب کی تعمیر کے لئے وزیراعظم نوا ز شریف کی قیادت میں دن رات کوشاں ہیں، طویل آمرتیوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ملک ابھی کسی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا ، پارلیمنٹ کی بالادستی ار جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے تمام سیاسی جماعتیں اور عوام متحدہ ہیں، دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہیں، بلوچستان کے خلاف زہر اگل کر بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مظالم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ۔

بلوچستان میں بھارتی ایجنسی راء فنڈنگ کرکے شر انگیزی پھیلا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی ایما پر بلوچستان میں تخریبی کاروائیاں کرنے والے 1 فیصد لوگوں کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، بلوچستان کا مطلب پاکستان اور پاکستان کا مطلب بلوچستان ہے، پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے ، بلوچستان کے صحرا سونا اگلتے ہیں، ایمانداری سے سونا ، کاپر اور تیل اور دیگر ذخائر نکالے جائیں تو پاکستان کا قرضہ ایک سال میں اتر سکتا ہے ، سی پیک کو ہر صورت کامیاب کریں گے چاہے جتنی قربانیاں دینی پڑیں، بلوچستان کی جنگ پاکستان کے استحکام کی جنگ ہے ، دہشت گرد آخری سانسیں لے رہے ہیں ار سافٹ ٹارگٹ کی تلاش میں ہیں، پڑھا لکھا اور پرامن بلوچستان عوام کو دیں گے ، وفاقی وزیر سردار یوسف نے کہا کہ مودی کے بیان کے خلاف ریلیاں نکال کر اور منہ توڑ جوان دینے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، خوشحال ، مضبوط پاکستان کے لئے قیام پاکستان والے جذبے کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے، مقبوضہ کشمیر کی عوام کی تحریک آزادی پاکستان کے عوام بھرپور حمایت کرتے ہیں، چوہدری جعفر اقبال نے کہا کہ چوہدری رحمت علی پاکستان کے ہیرو ہیں ان کا جسدخاکی اعزاز کے ساتھ پاکستان لائیں گے۔

وہ ہفتہ کو یہاں کنونشن سنٹر میں استحکام پاکستان گجر کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اﷲ زہری نے کہا کہ صوبائی خود مختاری کیلئے عوام قربانیوں کے بعد 15 ویں ترمیم کے بعد اہم پیش رفت ہوئی ، جمہوری نظام ترقی کا ضامن ہے، وطن عزیز دہشت گردی کا شکار ہے ۔ہمارے لئے چیلنج ہے ہم نے دشمن کے چیلنج کو قبول کیا ہے۔بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے میں ملوث ہے ، بلوچستان کے خلاف زہر اگل کر اپنا پردہ فاش کیا جو بھارتی مظالم پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے ۔

پاکستان کا مقبوضہ کشمیر سے موازنے کا کوئی جواز نہیں ، وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، بھارتی را عناصر کی فنڈنگ سے بلوچستان میں شر انگیزی پھیلا رہے ہیں۔ہر بیار مری ،دیگر لوگوں بھارت فنڈنگ کر رہی ہے۔ بلوچستان پسماندگی سے نجات دلانے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، منفرد محل وقوع گوادر بندرگاہ اقتصادی استحکام کی ضمانت فراہم کرتے ہیں، سی پیک میں گوادر کو قلبیمثبت حاصل ہے، یہ خطے میں گیم میجر ثابت ہوگا، اس سے پاکستان ترقی کی راہ میں اہم کردار اداکرے گا۔

پاکستان کا مستقبل روش اور تابناک ہے ، بھارتی ٹکوں پر بلوچستان میں تخریبی کارروائیاں کرنے والوں کا بلوچ سے کوئی تعلق نہیں ہے ، کشمیر کی عوام ہزاروں کی تعداد میں آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہر چند ٹکوں سے چند لوگوں کو خرید کر بلوچستان دہشت گردی کرنے ولاں کو بر داشت نہیں کیا جائے گا۔ کشمیر کی عوام کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے، بلوچستان اپنی مرضی سے پاکستان میں شامل ہواتھا،ہم بلوچستان کے بھی وارث ہیں اور پاکستان کے بھی وارث ہیں،پاکستان بلوچستان سے ہے ، پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے،۔

اسی وجہ سے دنیا کی نظر یں بلوچستان پر پڑیں ہیں، گوادر ائیر پورٹ حال ہی میں مکمل کریں گے ، پاکستان کا جھنڈا اٹھانے پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ، میرے بھتیجے شہید ہوئے ، دشمنوں کو بتایا کہ سارے بلوچستان اور پاکستان کے بچے میرے بچے ہیں، بچوں کو مارو گے، پاکستان سے اور بلوچستان سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ، ڈٹ کر 15 سال سے مقابلہ کیا۔