افغان صدر کا پاکستان سے امریکی یونیورسٹی پر حملے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ

دہشتگردوں اور انکے حامیوں کو سمجھنا چاہیے کہ افغانستان خوشحالی اور اپنے دشمنوں کو تباہ کرنے کیلئے پرعزم ہے،ہم نے تمام ثبوت اوردستاویزات پاکستان کو فراہم کردی ہیں جس میں اس بات اس بات کا اشارہ ملا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی پاکستان میں ہوئی ، پاکستان سے تسلی بخش جواب فراہم کرنے اور اس حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کی امریکی یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 27 اگست 2016 22:26

افغان صدر کا پاکستان سے امریکی یونیورسٹی پر حملے سے متعلق معلومات فراہم ..

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے پاکستان سے امریکی یونیورسٹی پر حملے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور انکے حامیوں کو سمجھنا چاہیے کہ افغانستان خوشحالی اور اپنے دشمنوں کو تباہ کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔افغان میڈیا کے مطابق صدر اشرف غنی نے کابل میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والی امریکی یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر انکا کہنا تھاکہ دہشتگردوں اور انکے حامیوں کو سمجھنا چاہیے کہ افغانستان خوشحالی اور اپنے دشمنوں کو تباہ کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔صدر کے نائب ترجمان سید ظفر ہاشمی کا کہنا ہے کہ ہم نے تمام ثبوت اوردستاویزات پاکستان کو فراہم کردی ہیں جو اس بات کا اشارہ ہیں کہ کابل کی امریکی یونیورسٹی پر دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی پاکستان میں کی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

ہم نے پاکستان سے تسلی بخش جواب فراہم کرنے اور اس حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔واضح رہے کہ کابل میں امریکی یونیورسٹی پر مسلح افرادکے حملے میں طلبا اور پروفیسر سمیت 16افراد ہلاک اور 39زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد افغان حکومت نے حملے کی منصوبہ بندی پاکستان میں ہونے کا الزام عائد کیا تھا اور تین ٹیلی فون نمبر پاکستانی حکام کو دیئے جو مبینہ طور پر حملے میں استعمال ہوئے اس کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کو ٹیلی فون کرکے بتایا کہ افغان حکام کی اطلاعات پر پاک افغان سرحد پر کومبنگ آپریشن کیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ سمز افغان کمپنی آپریٹ کررہی تھی جس کے سگنل پاک افغان سرحدی علاقوں میں بھی آتے ہیں۔

حملے کی پاکستان میں منصوبہ بندی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

متعلقہ عنوان :