پنجاب حکومت نجی اور سرکاری شراکت داری کے تحت کاروباری اور صنعتی منصوبوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے ‘ چوہدری محمد شفیق

روات انڈسٹریل اسٹیٹ کو ترقی دینے ، سڑکوں، واٹر سپلائی سسٹم، سیوریج لائنوں کی اپ گریڈیشن اور ماحول دوست صنعتی علاقہ بنانے کے لیے تقریبا تین ارب کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی ‘ وزیر صنعت و تجارت پنجاب کی راولپنڈی چیمبر کے دورے کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 27 اگست 2016 22:12

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری محمد شفیق نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور آرسی سی آئی روات انڈسٹر یل اسٹیٹ کو ترقی دینے کے حوالے سے ایک اجلاس میں شرکت کی اس موقع پر راولپنڈی میٹروبس پروجیکٹ کے چیئرمین محمد حنیف عباسی، چیئر مین پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور رضوان خالد بٹ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر راولپنڈی عارف رحیم ، پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ کے سی ای او کرنل ریٹائرڈ نوید مشتاق ، راولپنڈی چیمبر کے قائمقام صدر ثاقب رفیق، نائب صدر محمد عاقل عبید، گروپ لیڈر شیخ شبیر، سہیل الطاف، ایس ایم نسیم، سابق صدورسمیت انجمن تاجران کے عہدیداروں شیخ محمدحفیظ، شاہد غفور پراچہ، ارشد اعوان، آرسی سی آئی روات انڈسٹریل اسٹیٹ کے بورڈ کے اراکین، اور مجلس عاملہ کے اراکین بھی اجلاس موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری محمد شفیق نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی زیرسرپرستی چلنے والے اپنی نوعیت کی واحد انڈسٹریل اسٹیٹ کی ترقی اور دیکھ بھال کے انتظامات کو کو سراہاتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نجی اور سرکاری شراکت داری کے تحت کاروباری اور صنعتی منصوبوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلے میں اپنا بھرپور تعاون اور راہنمائی فراہم کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ روات انڈسٹریل اسٹیٹ کو ترقی دینے ، سڑکوں، واٹر سپلائی سسٹم، سیوریج لائنوں کی اپ گریڈیشن اور ماحول دوست صنعتی علاقہ بنانے کے لیے تقریبا تین ارب کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی انہوں نے پنڈی چیمبر اور روات انڈسٹریل اسٹیٹ کے بورڈ کے ممبران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک جامع روپورٹ مرتب کر کے جلد از جلد پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ کو ارسال کی جائے تاکہ اس پر جلد کام شروع کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف صوبے میں انڈسٹریل اسٹیٹ کوترقی دینے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں تاکہ صنعتی پہیہ تیزی سے چلیں اور صوبے سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو سکے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کی بہتری میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی ماند کردار اداکر رہی ہے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔چیئر مین پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ رضوان خالد بٹ نے کہا کہ روات انڈسٹریل اسٹیٹ میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور چھوٹی صنعتیں بھی لگائی جا سکتی ہیں چین پاکستا ن اقتصادی راہداری منصوبے کے تناظر میں اس اہمیت اور بڑھ گئی ہے ۔

اس سے پہلے قائمقام صدر ثاقب رفیق نے اپنے خطاب میں راولپنڈی چیمبر کی تاریخ، حالیہ، جاری اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں ایک مختصر بریفنگ دی انہوں نے کہا کہ اس خراب موسم میں صوبائی وزیر کی آمد ملک میں صنعتی ترقی کے لیے حکومت پنجاب کی سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے اور اس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور کاروباری برادری کے لیے حوصلہ افزا بات ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے عہدیداروں کے ہمراہ روات انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولتوں کے علاوہ مطلوبہ سہولیات کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :