Live Updates

عمران خان ملک کو جہالتوں سے نکال کر خوشحالی کی جانب لیکر جانا چاہتے ہیں،سرداریار محمد رند

ن لیگ نے اپنے وزیروں کی صورت میں قوم کی مکمل تباہی کا سامان اکٹھا کررکھاہے،رہنماپی ٹی آئی

ہفتہ 27 اگست 2016 22:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان اس ملک کو جہالتوں سے نکال کر خوشحالی کی جانب لیکر جانا چاہتے ہیں جبکہ نواز لیگ نے اپنے وزیروں کی صورت میں قوم کی مکمل تباہی کا سامان اکٹھا کررکھاہے،غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر ناچنے والے اس ملک کے حکمرانوں سے عوام کو نجات دلاکر رہیں گے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ظفر اقبال رند کو تحریک انصاف لیبر ونگ بلوچستان کے صوبائی صدر کا نوٹیفکیشن دینے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر تحریک انصاف لیبر ونگ کے مرکزی صدر محمد اشرف خان سوہنا اور مرکزی رہنما رانا سمیع ،سردارخادم حسین وردگ ، چوہدری شبیر ،بابر یوسفزئی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سردار یار محمد رند نے کہا کہ (ن ) لیگ کی حکومت میں موجود کچھ لوگ ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر نے کی کوشش کر رہے ہیں موجودہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی،بے روزگاری ،کرپشن اور لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں دیا تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے موجودہ کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں سے عوام کو نجات دلانے کا بیڑہ اٹھارکھا ہے اورانشاء اﷲ عوام کو موجودہ حکمرانوں سے نجات دلاکر ہی دم لیں گے۔

اس موقع پر تحریک انصاف لیبر ونگ کے مرکزی صدر محمداشرف خان سوہنا نے کہا کہ ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی لیبر ونگ کو فعال کرنے کیلئے ظفر اقبال رند کو لیبر ونگ بلوچستان کا صدر نامزد کیا ہے اور وہ بلوچستان میں لیبر ونگ کی باقی تنظیم سازی مکمل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا بلوچستان آنے کا مقصد مزدور اور غریب طبقے کو متحرک کرکے سیاست میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے ہم ہر ماہ بلوچستان کا دورہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پارٹی کے چیئرمین عمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ظفر اقبال رند کو مکمل اختیار دیا گیا ہے کہ وہ صوبائی لیبر ونگ اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر لیبرونگ کی تنظیم سازی مکمل کرلیں جنہیں ہمارا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :