وزیراعلیٰ شہباز شریف کی استنبول ، ترکی سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کو ضروری ہدایات

لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث انتظامیہ اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم منتخب نمائندے ،انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام پانی کی نکاسی کا عمل مکمل ہونے تک خود فیلڈ میں موجود رہیں ‘شہباز شریف

ہفتہ 27 اگست 2016 22:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث انتظامیہ اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی مشکلات کم سے کم کرنے کے لئے بارش کے پانی کی جلد سے جلد نکاسی یقینی بنائی جائے اور پانی نکالنے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں-وزیر اعلی نے استنبول ، ترکی سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے ،انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام پانی کی نکاسی کا عمل مکمل ہونے تک خود فیلڈ میں موجود رہیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں- انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث عوام کو روز مرہ معمولات میں کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آنی چاہیئے اور اس ضمن میں متحرک انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کی جائیں-وزیر اعلی نے کہا کہ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں-انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کا کام مکمل کرکے رپورٹ مجھے وٹس اپ اور ای میل کے ذریعے استنبول بھجوائی جائے-