وزیر اعلی پنجاب کی ایوان صدر استنبول میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات

بغاوت کی کوشش ترکی کی ترقی کے خلاف سازش تھی جسے عوام نے اتحاد کی طاقت سے ناکام بنایا‘محمد شہباز شریف ہم پاک ترک تعلقات اور دوستی کے فروغ میں آپ کے کردار کے معترف ہیں‘ ترک صد رجب طیب اردوان

ہفتہ 27 اگست 2016 22:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ایوان صدر استنبول میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی-وزیر اعلی نے گزشتہ ماہ بغاوت کی کوشش ناکام بنانے پر ترک صدر رجب طیب اردوان کی عظیم قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے عزم، استقامت اور جرأت مندی سے حالات کا مقابلہ کیا اور آپ کی ایک کال پر ترک عوام دیوانہ وار جمہوریت کے دفاع کے لئے سڑکوں پر نکل آئے اور بغاوت کی سازش کو ناکام بنایا-انہوں نے کہا کہ آپ کی عظیم قیادت میں ترکی میں عوام اور جمہوریت کو فتح ملی اور بغاوت کی یہ کوشش آپ کی عظیم قیادت میں ترکی کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خلاف سازش تھی جسے ترک عوام نے اپنے اتحاد کی طاقت سے ناکام بنایا -میں اپنی اور پاکستانی عوام کی طرف سے آپ کو سازش کی ناکامی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں-انہوں نے کہا کہ ترکی میں جمہوریت کے خلاف سازش کی ناکامی اس امر کا جیتا جاگتا ثبوت ہے کہ ترکی کے عوام اپنے عظیم عوامی رہنما اور جمہوریت سے والہانہ محبت کرتے ہیں - انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالی کے فضل و کرم اور عوام کی بے لوث خدمت کرنے کا ثمر آپ کوملا ہے-ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بغاوت کی کوشش ترکی کو دوبارہ ترقی اور خوشحالی کے سفر سے اتارنے کی کوشش تھی جسے اﷲ تعالی کی مدد اور عوام کی طاقت سے ناکام بنایا-انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف ، وزیر اعلی شہباز شریف اور پاکستانی عوام نے مشکل میں ہمارا ہر طرح سے ساتھ دیاجس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں- انہوں نے کہا کہمجھے علم ہے کہ آپ گزشتہ ماہ اس واقعہ کے فوری بعد ترکی آکرہمارے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہتے تھے- آپ نے جس محبت ، خلوص اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اس پر شکریہ ادا کرتے ہیں -انہوں نے کہا کہ ہم پاک ترک تعلقات اور دوستی کے فروغ میں آپ کے کردار کے معترف ہیں - ترک صدر نے کہا کہ دورہ پاکستان کے دوران اہل لاہور کی میزبانی کی خوشگوار یادیں آج بھی تازہ ہیں اور دورہ لاہور کے دوران ملنے والی محبت اور خلوص میری زندگی کا قیمتی سرمایہ ہے -

متعلقہ عنوان :