وزیراعلیٰ پنجاب کی ترک وزیراعظم بن علی یلدرم سے ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

محمد شہبازشریف نے پاک ترک دوستی کے فروغ کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے‘ترک وزیر اعظم کا وزیر اعلی پنجاب کو خراج تحسین شہباز شریف میرے بھائی ہیں اور پنجاب میرا دوسرا گھرہے، ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے پورا تعاون کریں گے‘بن علی یلدرم

ہفتہ 27 اگست 2016 22:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے استنبول میں ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا-وزیراعلیٰ شہبازشریف نے گزشتہ ماہ بغاوت کی کوشش ناکام بنانے پر ترکی کے وزیراعظم اور عوام کو مبارک باد دی۔

وزیر اعلی شہباز شریف نے ترک وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے عوام نے جمہوریت کے ساتھ والہانہ محبت اور بھرپور عزم کا اظہار کیا ہے اوراس جدوجہد کی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے- ترک عوام نے جمہوریت بچانے کیلئے بے مثال جرأت کا مظاہرہ کیا اور ٹینکوں کے سامنے لیٹ کر جمہوریت کو بچایا اوربہادری کی نئی تاریخ رقم کی-انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور عوام نے مشکل کی گھڑی میں ترک لیڈرشپ اور عوام کا بھرپور ساتھ دیا کیونکہ ترکی اور پاکستان یکجان دو قالب ہیں اور ہمارے غم اور خوشیاں مشترکہ ہیں - انہوں نے کہا کہ ترکی کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے۔

(جاری ہے)

ترکی میں پیش آنے والے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر ہمیں دلی دکھ اور افسوس ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی ناسور بن چکا ہے اوراس لعنت سے نمٹنے کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب سے ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب سے ترک وزیر اعظم کو نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا-ترکی کے وزیر اعظم نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے انتہائی عزیز بھائیوں سے ملنے جلد پاکستان کا دورہ کروں گا-ترک وزیر اعظم نے بغاوت کی کوشش کے دوران ترکی کے ساتھ بھرپور یکجہتی پر پاکستان کے وزیر اعظم ، وزیر اعلی شہباز شریف ، پارلیمنٹ اور عوام کے کردار کو سراہا- ترک وزیر اعظم نے بغاوت کے دوران پیش آنے والے واقعات کی تفصیلات سے بھی وزیر اعلی شہباز شریف کو آگاہ کیا- ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ پاکستان نے بغاوت کی کوشش کے دوران جس طرح ترک قیادت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، وہ دونوں ملکوں کی تاریخی دوستی کی ایک مثال ہے۔

پاکستان اور ترکی کے دوست اور دشمن مشترکہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے -ترک وزیر اعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پاک ترک دوستی کے فروغ کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے اور شہباز شریف نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی مضبوطی کے لئے جو خدمات سرانجام دی ہیں وہ قابل ستائش ہیں-ملاقات کے دوران ترک وزیر اعظم نے ترک وزیر صحت رجب اکدغان کو فون کیا اور گزشتہ روز ان کی وزیر اعلی شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف میرے بھائی ہیں اور پنجاب میرا دوسرا گھرہے - ترک وزیر اعظم نے ترک وزیر صحت کو ہدایت کی کہ پنجاب حکومت کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے ان کی ہر ممکن مددکی جائے-اس موقع پر صوبائی وزیر رانا ثناء اﷲ ، ایم این اے پرویز ملک ، ایم این اے شائستہ پرویز ملک ، خواجہ احمد حسان اور پاکستانی وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے-