ایڈمنسٹریٹرکراچی کا بارش کے فوری بعد مختلف علاقوں کا دورہ

ہفتہ 27 اگست 2016 21:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے شہر میں ہفتہ کی دوپہر اچانک ہونے والی بارش کے فوری بعد مختلف علاقوں کا دورہ کیا ، شاہراہ فیصل اور ناتھا خان روڈ کے مقام پر بارش کا پانی جمع اور ٹریفک جام ہوجانے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے سٹی وارڈنز سمیت پانی کی نکاسی کے لئے بھاری مشینری طلب کرلی اور مذکورہ مقام سے بارش کے پانی کی نکاسی کا کام شروع کرادیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شاہراہ فیصل کے مختلف مقامات پر جام ہونے والے ٹریفک کی روانی کو بحال کرانے کے لئے سٹی وارڈنز کو انتظامیہ کے ساتھ مل کر بھرپور طریقے سے کام کرنے کی ہدایت کی ، انہوں نے کہا کہ ہفتہ کو ہونے والی بارش اچانک تھی جس کی پہلے سے پیشگی اطلاع نہیں تھی لہٰذا مشینری کے پہنچتے ہی نکاسی آب کا کام فوری طور پر شروع کرادیا گیا ۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شاہراہ فیصل، ناتھا خان روڈ، اسٹار گیٹ، انڈرپاسز، نرسری، نیشنل اسٹیڈیم اور دیگر علاقوں کا 6 گھنٹے طویل دورہ کیا اور اپنی نگرانی میں سڑکوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کے عمل کو مکمل کرایا، انہوں نے کہا کہ شہر میں ہونے والی بارش کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ محکمے بالخصوص میونسپل سروسز، پارکس اور انجینئرنگ کو تیار حالت میں رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے عملہ اور مشینری بروقت موجود اور تیار رہے،انہوں نے کہا کہ ریسکیو اور سٹی وارڈنز تمام ضروری آلات سمیت فوری طلب کرلئے گئے تھے، انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ عملے کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جمع ہوجانے والے بارش کے پانی کی نکاسی کے کام میں کسی بھی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے اور حتی الالمکان یہ کوشش کی جائے کہ شاہراہوں پر جمع ہوجانے والے بارش کے پانی کو فوری طور پر صاف کردیا جائے انہوں نے سٹی وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔

متعلقہ عنوان :