المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ضلع سانگھڑ میں ہونٹ کٹے ،تالوکٹے بچوں کے آپریشن کادوروزہ مفت کیمپ لگایا گیا

ہفتہ 27 اگست 2016 21:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ضلع سانگھڑ میں ہونٹ کٹے ،تالوکٹے بچوں کے آپریشن کادوروزہ مفت کیمپ لگایا گیا،جس میں ملک کے نامورپلاسٹک سرجن ڈاکٹر اشرف گناترہ کی سرپرستی میں 60بچوں کے آپریشن کئے جائیں گے ۔المصطفیٰ سندھ کے کنوینرمعین خان نے، ٹرسٹی عبدالغفار سعیدی ،سیدامین الحسن بخاری اور سول ہسپتال سانگھڑ ،سول سرجن ڈاکٹر طاہر اقبال کے ہمراہ کیمپ کا معائنہ کیا اور بچوں کے والدین سے ملاقات کی اور ان سے آپریشن سے پہلے اور بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

سول سرجن ڈاکٹر طاہر اقبال نے اس موقع پر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ غریب علاقوں میں عوام اس مہنگے آپریشن کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے تھے ،المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی حاجی محمد حنیف طیب کی سربراہی میں جو انسانی خدمت سرانجام دے رہاہے وہ لائق ستائش ہے۔

(جاری ہے)

المصطفیٰ سندھ کے کنوینرمعین خان نے بتایا کہ ابتک 25000ہزارہونٹ اور تالوکٹے افرادکے آپریشن ہوچکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے،یہ آپریشن پورے پاکستان میں کئے جارہے ہیں جن کی نگرانی دنیا کے نامورپلاسٹک سرجن ڈاکٹر غلام قادرفیاض اور ڈاکٹر اشرف گناترہ کررہے ہیں جنہیں المصطفیٰ کے چیئر مین حاجی محمد حنیف طیب کی بھرپورسرپرستی اور تعاون حاصل ہے۔

صاحبزادہ سیدامین الحسن بخاری نے ضلع سانگھڑکی عوام کی طرف سے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی اور حاجی محمد حنیف طیب کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ یہ دوردرازعلاقے اُن کی وجہ سے طبی سہولتوں سے فیضیاب ہورہے ہیں۔