سہراب گوٹھ مویشی منڈی میں انتظامیہ کی کوششوں سے بارش کا پانی نکال دیا گیا ، صفائی ستھرائی کے انتظامات میں اضافہ

ہفتہ 27 اگست 2016 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی سہراب گوٹھ میں غیر متوقع بارش اور مٹی کے طوفان کے باعث منڈی میں بیوپاریوں کے لیے مشکلات پیدا ہوگئی تھیں تاہم انتظامیہ اور ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کی کوششوں کے بعد صورت حال بالکل نارمل ہوگئی ہے۔منڈی کے ایڈمنسٹریٹر جہانگیر چوہدری نے کہا کہ غیر متوقع بارش اور مٹی کے طوفان کے باعث مشکلات پیدا ہوگئی تھیں تاہم انتظامیہ کے ارکان نے محنت کرکے صورت حال کو سنھبالا اور رات تک راستے بڑی حد تک بہتر ہوگئے تھے۔

انتظامیہ نے کام کی رفتا ر بڑھانے کے لیے صفائی ستھرائی کے اسٹاف کی تعداد دہ گنا کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ منڈی انتظامیہ صفائی ستھرائی کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے اور زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کے لیے مسلسل کام کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

بارش کے بعد انتظامیہ فوری طور پر منڈی میں صفائی کے انتظامات کئے اور کچرے اور فضلے کو منڈی سے باہر نکالا تاکہ منڈی میں بدبو نہ پھیل سکے۔

پانی کے اخراج کے بعد ایک بار پھر مویشیوں اور عوام کے لیے آنے جانے کے راستے ہموار ہوگئے ہیں۔ ان اقدامات کی وجہ سے منڈی میں عوام کی آمدکا سلسلہ جاری رہا۔منڈی میں ابھی تک 100,000گائے، 20,000بکرے اور 1500اونٹ لائے جا چکے ہیں۔منڈی کے باقاعدہ افتتاح کے بعد خرید وفروخت میں تیزی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم منڈی میں بیوپاریوں اور عوام کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں اور توقع ہے کہ عوام کو ان کی استعداد کے مطابق جانور اور بیوپاریوں کوتمام سہولتیں معیار کے مطا بق حاصل رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :