قومی ایکشن پلان پر موثر انداز میں عمل دآمد اور امن و مان کا قیام ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعلیٰ سندھ

جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہنے چاہیے ،ہمارا یہ پختہ عزم ہے کہ شہر کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جائے گا، سید مراد علی شاہ

ہفتہ 27 اگست 2016 21:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان پر موثر انداز میں عمل دآمد اور امن و مان کا قیام ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس لئے جرائم پیشہ افراد اور قانون شکنوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہنے چاہیے ،ہمارا یہ پختہ عزم ہے کہ شہر کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سے چیف منسٹرہاؤس میں ہونے والی اپنی ملاقات میں کیا جنہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال خاص طور پر شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے بارے میں آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری اس آپریشن کے بہت مفید نتائج سامنے آئے ہیں اور شہر کا امن بحال ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عمدہ کارکردگی، ان کی حکومت کی بحالی امن سے متعلق خواہش اورسیاسی قوتوں کی اجتماعی فہم و فراست اور اہل کراچی کی بھر پور تائید و حمایت ایسے بنیادی عوامل ہیں جن کے باعث کراچی میں امن بحال ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب سب سے بڑا چیلنج اس امن کو برقرار رکھنا ہے ، اس سلسلے میں ہر کسی کوسخت محنت کرنی ہوگی اور حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ کراچی کو ایک ایسا پر امن شہر دیکھنا چاہتے ہیں جہاں غیر ملکی سرمایہ کاری کی ساتھ ساتھ صنعتی و تجارتی سرگرمیاں فروغ پاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہر میں فن و ثقافت اور ادبی سرگرمیوں کی بھی حوصلہ افزائی کریں گے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ کسی کو بھی اس بات کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے کہ وہ شہر میں بدامنی، بے چینی اور خوف کی فضا پیدا کرے۔

اب بس بہت ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا اس شہر کے باسیوں سے وعدہ ہے کہ انہیں ایسا خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے گا جہاں وہ اپنی زندگی پرسکون طریقے سے گزار سکیں اور وہ اطمینان کے ساتھ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت اور معمولات زندگی پر توجہ دے سکیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا اب ان کی حکومت اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کی جانب بھی خصوصی توجہ دے گی کیونکہ اس حوالے سے انہیں عوام کی جانب سے شکایات ملی ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت ہمیں سب سے زیادہ تعلیمی اداروں خصوصاً جامعات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہاں تعلیمی ماحول پیدا کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ میر ا یجنڈا وہی ہے جو کراچی کے عوام کا ہے کیونکہ میں انہی میں سے ہوں اس لئے مجھے امید ہے کہ وہ نہ صرف میری بھرپور مدد کریں گے بلکہ میرے لئے ایک موثر دست تعاون بھی ثابت ہوں گے تاکہ سندھ حکومت انہیں بہترین امن وامان، اچھی تعلیمی اور صحت کی سہولتیں فراہم کرسکے۔ڈی جی رینجرز نے کہا کہ ان کی فورس ٹارگٹڈ آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے بڑی جانفشانی اور محنت سے کام کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :