مختلف سیاسی رہنماؤں نے ڈاکٹرفاروق ستار کی الطاف حسین سے لاتعلقی کو ڈرامہ بازی قراردے دیا

ایم کیو ایم کو ایک موقع اور دیا جائے، غیر قانونی طو ر پر گرفتار خواتین کو رہا کیا جائے، شیخ رشیدسربراہ عوامی مسلم لیگ ہمیں ایم کیو ایم سے نہیں متحدہ قائد سے مسئلہ ہے، حکومت ان کیساتھ مل کر ڈرامہ کررہی ہے،فیصل واوڈا

ہفتہ 27 اگست 2016 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) مختلف سیاسی رہنماؤں نے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار کی الطاف حسین سے لاتعلقی کو ڈرامہ بازی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ یہ لوگ آئین میں تبدیلی کرکے الطاف حسین کو الگ کیوں نہیں کرتے؟۔ پاناما لیکس کو دبانے کے لیے ایک اور کھیل کھیل دیا گیا۔ایم کیو ایم کے منحرف رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ فاروق ستار نے متحدہ کے آئین میں کوئی تبدیلی کی بات نہیں کی الطاف حسین اب بھی قائد ہیں؟۔

انہوں نے کہاکہ اعلان لاتعلقی سے زیادہ دفاتر گرانے کی بات کی گئی، آئین کیوں تبدیل نہیں کررہے؟ اصل لوٹ مار کے کھیل پاناما لیکس کو دبانے کے لیے ایک اور کھیل کھیل دیا گیا، انہیں خود نہیں پتا کیا کرنا ہے ،دفاتر گرانے پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا، ظاہرہوا کہ کراچی کے لوگ پاکستان زندہ باد والے ہیں، فاروق ستار جیسا کہہ رہے ہیں ویسا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ ڈرامہ بازی ہے، یہ لوگ آئین میں تبدیلی کرکے الطاف حسین کو الگ کیوں نہیں کرتے؟۔انہوں نے کہاکہ پہلے آئین میں تبدیلی کرکے الطاف حسین کو قیادت سے فارغ کریں پھر یقین کیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اس وقت متحدہ چھوڑی جب ایم کیو ایم نے بلدیات انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کو الطاف حسین کے ’’را‘‘ سے تعلقات کاعلم ہے، ملک توڑنے کی بات پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، الطاف حسین کو دوبارہ زندگی دینا فاروق ستار کا منشور ہے، یہ لوگ عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں، فاروق ستار آج بھی کہہ رہے ہیں کہ نائن زیرو کو ڈی سیل کیا جائے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ایم کیو ایم کو ایک موقع اور دیا جائے، غیر قانونی طو ر پر گرفتار خواتین کو رہا کیا جائے۔سنیٹرسعید غنی نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا الطاف حسین سے کتنا تعلق ہے، یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے، ایم کیو ایم کو ووٹ دینے والوں میں زیادہ تعداد الطاف حسین کے ماننے والوں کی ہے۔تحریک انصاف کے رہنما فیصل واؤڈا نے کہا کہ ایم کیو ایم چھوڑنے پر عامر لیاقت کو سلام پیش کرتا ہوں، ہمیں ایم کیو ایم سے نہیں متحدہ قائد سے مسئلہ ہے، حکومت ان کے ساتھ مل کر ڈرامہ کررہی ہے۔