جمہوری حکومتوں کے فیصلے بندوق کی نوک پر نہیں ہوتے عوام کی رائے کا احترام اور زمینی حقائق کا ادراک ہی جمہوری حکومتوں کا حسن ہوتا ہے جس کے نتیجے میں ریاستیں مضبوط اور قومیں ترقی کرتی ہیں

مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر و دیگر کا مشترکہ بیان

ہفتہ 27 اگست 2016 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ جمہوری حکومتوں کے فیصلے بندوق کی نوک پر نہیں ہوتے عوام کی رائے کا احترام اور زمینی حقائق کا ادراک ہی جمہوری حکومتوں کا حسن ہوتا ہے جس کے نتیجے میں ریاستیں مضبوط اور قومیں ترقی کرتی ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کسی جماعت کی قیادت کی غلطیوں کی سزا اس جماعت کے کارکنوں کو دینے کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی․ کراچی کا امن پاکستان کی معاشی ترقی اور قومی وحدت کے لئے ناگزیر ہے جس کے لئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف تحمل اور دوراندیشی سے اقدامات کر رہے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر، ضلع جنوبی کے صدر سلطان بہادر خان، ضلع شرقی کے صدر علی عاشق گجر، ضلع وسطی کے جنرل سیکریٹری اسلم خٹک ،کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا، جنرل سیکریٹری خواجہ طارق نذیر نے کراچی کی صورتحال پر ایک بیان میں کہا کہ کراچی کی موجودہ صورتحال کے اصل ذمہ دار ڈکٹیٹر ہیں جو اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے کراچی کے شہریوں کی جان و مال کا سودا کرتے رہے․ کراچی کے شہری معصوم اور محب وطن ہیں اسی لئے ڈکٹیٹروں نے اہلیان کراچی کی حب الوطنی کا ناجائز فائدہ اٹھا کر شہر کے مسائل حل کرنے کی بجائے شہر کو مختلف گروہوں کے رحم و کرم پر چھوڑ ے رکھا جس کا نتیجہ ہے کہ آج کراچی دنیا کا پسماندہ اور گندہ ترین شہر بن چکا ہے․ مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا نے کہا کہ قائد اعظم کے شہر کو ٹھیلوں، پتھا روں، تجاوزات کا شہر بنانے میں سب سے بڑا کردار سابق آمر وں کا ہے ․ عوام کی منتخب جمہوری حکومتوں کا خاتمہ کر کے غیر جمہوری اور گروہی سیاست کے بیج بونے والی آمریت نے اہل کراچی کی وفاداریوں کو بھی مشکوک بنانے کی بھرپور کوشش کی لیکن اس شہر کے رہنے والوں نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی انجن ہی نہیں پاکستان کا درست سمت میں سوچنے والا دماغ بھی ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ کراچی کے باشعور اور پڑھے لکھے شہری آمروں کے بد ترین ہتھکنڈوں کے باوجود آج بھی پاکستان کی جمہوریت اور عوامی حقوق کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں․کراچی کے عوام اس بار بھی ثابت کردیں گے کہ یہ شہر مشرقی پاکستان نہیں ــ" منی پاکستان" ہے جس نے اﷲ کے فضل سے قیامت تک قائم رہنا ہے۔

متعلقہ عنوان :