پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کے دفاتر ہی نہیں انہیں بھی بلڈوز کرنا چاہئے، ایم کیو ایم قیادت پر فوری طور پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کر کے ایم کیو ایم پر مکمل پابندی عائد کی جائے

سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین سردار ممتاز علی خان بھٹو کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 27 اگست 2016 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین سردار ممتاز علی خان بھٹو کے اعزاز میں مسلم لیگ ن کے رہنما میر عبدالنبی بروہی کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا، تقریب کو خطاب کرتے ہوئے ممتاز علی بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں کے دفاتر ہی نہیں، بلکہ انہیں بھی بلڈوز کرنا چاہئے، ایم کیو ایم قیادت پر فوری طور پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کر کے ایم کیو ایم پر مکمل پابندی عائد کی جائے،کیونکہ ایم کیو ایم سیاسی پارٹی نہیں بلکہ ایک مافیہ ہے۔

افسوسناک بات تو یہ ہے کہ ان ملک دشمن عناصروں کو حکمران ٹولا ہی نہ صرف بچا رہا بلکہ انہیں تحفظ دیکر پال بھی رہے ہیں۔مشرف، زرداری اور نواز شریف نے انہیں اپنی حکومتوں میں شامل کر کے بڑے بڑے عہدوں سے نوازہ اور بڑی عیاشی کروائی، ایم کیو ایم جنرل ضیاء کی پیداوار ہے جس نے انہیں بنا کر سندھ اور سندھیوں سے بڑی دشمنی کی تھی، الطاف کی پاکستان توڑنے کی باتوں کے ذمہ دار نواز شریف اور زرداری ہیں۔

(جاری ہے)

ممتاز علی بھٹو نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کو مشرف نے سر پر چڑہایا، زرداری نے انہیں آسمان تک پہنچایا اور اب نواز شریف انہیں بچا رہا ہے، ان دہشتگردوں کے خلاف اتنے ثبوت آنے کے باوجود ان پر فوری طور پر پابندی کیوں نہیں لگائی جاتی؟ ایم کیو ایم کا مرکز نائن زیرو دہشتگردوں کا ڈیپو ہے، وہاں سے ملک کے خلاف مواد، اسلحہ، ٹارگیٹ کلرز ملنے کے باوجود حکمرانوں کی خاموشی معنیٰ خیز ہے۔

ممتاز علی بھٹو نے کہا کہ جو کام موجودہ صوبائی و وفاقی حکومت کو کرنا چاہئے تھا وہ کام رینجرس عوام کی جان، مال و عزت کو تحفظ دیکر کر رہی ہے حالانکہ رینجرس کا کام ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہوتا ہے۔ اس موقعے پر مسلم لیگ ن کے رہنما میر عبدالنبی بروہی نے اپنی برادری، دوستوں، مسلم لیگی رہنماؤں اور کارکنوں ملک سمندر خان مسود، حاجی میر خان آفریدی، نور احمد بلوچ، علی شیر بروہی، عبداﷲ سملانی، عزیز خان مسود، طارق خان برقی، زاہد بلوچ، میر یار محمد ساسولی، جاوید احمد بروہی، محمد حنیف بروہی، محمد اسماعیل بروہی، زین العابدین، خلیل اﷲ، محمد نعیم، محمد سلیم، ڈاکٹر نظیر احمد، صابر بلوچ سمیت سینکڑوں افراد کے ہمراہ مسلم لیگ ن چھوڑ کے عہدوں اور بنیادی رکنیت سے مستعفیٰ ہو کر سردار ممتاز علی بھٹو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سندھ نیشنل فرنٹ میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر پارٹی رہنما انور گجر، رزاق باجوہ، فتاح بھٹو و دیگر ان کے ہمراہ تھے، جبکہ ممتاز علی بھٹو نے میر عبدالنبی بروہی سے ان کے سسر کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی۔