شہری انتظامیہ کی نااہلی نے باران رحمت کو باران زحمت بنا دیا

بارش کے سبب کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر متعدد شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، دفاتر سے واپس جانے والے لاکھوں شہری سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے

ہفتہ 27 اگست 2016 20:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) شہری انتظامیہ کی نااہلی نے باران رحمت کو باران زحمت بنا دیاہے ۔ہفتہ کوہونے والی بارش کے سبب کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، متعدد شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، دفاتر سے واپس جانے والے لاکھوں شہری سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے، وزیر بلدیات کے مطابق ناتھا خان پل کے اطراف سے پانی نکالنے کا کام شروع کردیاگیاہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو شہرقائدمیں موسلا دھار بارش کے سبب شارع فیصل، ڈالمیا، راشد منہاس روڈ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، نیپا چورنگی، ناتھا خان، ڈرگ روڈ، شاہ فیصل اور اطراف کی شاہراہوں پر بارش ہوتے ہی بڑی مقدار میں پانی جمع ہوگیا، شہری انتظامیہ کی جانب سے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود پانی نہیں نکالا جاسکا اور نہ پیشگی ایسے انتظامات کیے گئے کہ پانی جمع ہی نہ ہو۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں وزیربلدیات جام خان شورو نے بتایا کہ انتظامات شروع کردیئے ہیں، ناتھا خان کے دونوں اطراف سے پانی کی نکاسی کے لیے مشینیں بھیج دی ہیں جنہوں نے کام شروع کردیا ہے ،چند گھنٹوں میں پانی نکال دیا جائے، ہمیں احساس ہے کہ لوگوں کو ایئرپورٹ بھی جانا ہے اور لوگ کئی گھنٹے سے پھنسے ہوئے ہیں۔وزیر بلدیات نے مزید بتایا کہ ایئرپورٹ کے اطراف 56 ملی میٹر بارش ہوئی، اس بارش کی پیش گوئی نہیں تھی یہ بارش اچانک ہوئی جس کی وجہ سے یہ حالت ہوئی، آئندہ بارش کے پانی کی نکاسی کے پیشگی انتظامات کریں گے شہریوں کو دوبارہ تکلیف اٹھانی نہیں پڑے گی۔

میڈیااطلاعات کے مطابق ایئرپورٹ جانے والے راستے پر پانی جمع ہونے کے سبب شدید ٹریفک جام ہوگیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں گاڑیاں ٹریفک میں پھنس گئیں،ناتھا خان پل کے دونوں اطراف سڑک پر گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہوگیا جس کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا،شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ہر مرتبہ یہ مسئلہ حل کرنے کا کہتی ہے لیکن تاحال یہ مسئلہ حل نہیں ہوا۔

میڈیا کے مطابق یہاں ہر بار بارش میں ایسا ہی ہوتا ہے، شہری انتظامیہ نے وزیراعلی سندھ کے احکامات ہوا میں اڑا دیے ہیں ، بارش ہونے کے کئی گھنٹوں بعد بھی پانی کی نکاسی ممکن نہ ہوسکی، متعدد گاڑیاں بند بھی ہوگئیں اور کئی گاڑیوں کا فیول ختم ہوگیا، کئی شہری گاڑیاں چھوڑ گئے، مسافر شدید پریشانی سے دوچار رہے ان میں سے کچھ کی فلائٹ بھی تھی جنہیں ایئرپورٹ جانا تھا۔جبکہ دفاتر سے جانے والے لاکھوں افراد بھی سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے ، شہری انتظامیہ کی نااہلی نے باران رحمت کو باران زحمت بنا دیا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں دوبارہ بارش کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :