Live Updates

تحریک انصاف نے ضلع غربی میں ایم کیو ایم کے امید وار کو ووٹ دے کر عوام کے ساتھ دھوکا کیا ہے، کراچی اتحاد

ایم کیو ایم اندرونی خلفشار کا شکار ہے ،خود اپنے پیروں پر کلہاڑی ماری ہے ، متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے دھاندلی کا تاثر دینا غلط ہے ، پریس کانفرنس

ہفتہ 27 اگست 2016 20:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ضلع غربی میں بننے والے کراچی اتحاد کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ضلع غربی میں ایم کیو ایم کے امید وار کو ووٹ دے کر عوام کے ساتھ دھوکا کیا ہے، ایم کیو ایم اندرونی خلفشار کا شکار ہے انھوں نے خود اپنے پیروں پر کلہاڑی ماری ہے ، متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے دھاندلی کا تاثر دینا غلط ہے ، متحدہ کے پاس کراچی کے صرف30فیصد حصے کا میندیٹ ہے ۔

ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں کراچی اتحاد میں شامل پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم نے منتخب چیئر مین اور مسلم لیگ ن کے رہنماآصف محمد خان، امان اﷲ،جے یوآئی (ف) کے مولانا عمر صادق،عوامی نیشنل پارٹی کے عالم زیب الہیٰ اور جماعت اسلامی کے عبد الرزاق خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے لوگوں کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت سے متحدہ اندرونی طور ہر خلفشار کا شکار ہے او ر ایم کیو ایم کے لوگوں کو پی ٹی آئی پر بھی یقین نہیں تھا ، ایم کیو ایم کی جانب سے ضلع غربی کے انتخابات میں دھاندلی کا تاثر دیا جا رہا ہے جو غلط ہے ، متحدہ قومی موومنٹ نے اپنی پریس کانفرنس میں جھوٹ کے ذریعے ضلع غربی کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے الزام عائد کیا کہ پولنگ کے روز ایم کیو ایم نے اپنے ووٹر ز کے ذریعے نشانات لگوائے ،پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پریزائڈنگ آفسر نے تمام امید واروں کے پولنگ ایجنٹس اور متعلقہ سرکاری عملے کی موجودگی میں شیراور پتنگ کے نشان والے بیلٹ پیپر علیحدہ کردیے تو گنتی کے دوران ہمارے پولنگ ایجنٹ کو بیلٹ پیپر پر نشان نظر آیاجس پر انھوں نے اعتراض کیا پھر ایک ایک کرکے تمام بیلٹ پیپر چیک کیے گئے تو 21بیلٹ پیپر پر نشانات موجود پائے گئے۔

انھوں نے کہا کہ ا ن کے پولنگ ایجنٹ کی درخواست پر پریذائڈنگ افسر نے ریٹرنگ آفسر(آر او) کو خط لکھا اور تمام سامان سیل کردیا جس پر آر اونے نتائج کو روک لیا اور25اگست کو متعلقہ امید وار ان اور ان کے وکلاء سے آئینی وضاحت طلب کی ،تمام ووٹوں کو امید واروں کے سامنے جانچ کر فیصلہ جاری کیا گیا ہے جو سب کے سامنے ہے ۔انھوں نے کہا کہ ضلع غربی کراچی کا ایوان67ووٹوں پر مشتمل ہے جس میں ایم کیو ایم کے 32ووٹ اور کراچی اتحاد کے 35ووٹ ہیں جس کے مطابق کراچی اتحاد کو پہلے ہی 3ووٹوں کی واضح بر تری حاصل تھی، ان کا کہنا تھا کہ رقبہ کے لحاظ سے ایم کیو ایم کے پاس کراچی کا صرف30فیصد حصے کا میندیٹ ہے ،متحدہ کراچی کے مینڈیٹ رکھنے کا دعویٰ کرنا چھوڑ دے۔

ایک سوال پر نجمی عالم کا کہنا تھا کہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ۔ ضلع غربی کے منتخب چیئر مین آصف محمد خان کا کہنا تھا کہ اپنے ضلع کو مثالی بنانے کے لیے تعلیم ،صحت اور سیوریج کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنائیں گے اور ترقیاتی کامو ں کے لیے وزیر اعظم سے خصوصی پیکج بھی منظور کرائیں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات