کراچی میں الطاف حسین کی پاکستا ن کے خلاف ہرزہ سرائی بھارتی ایما پر ہے‘ لیاقت بلوچ

کراچی کے عوام محب دین و محب وطن ہیں ، ایم کیو ایم کے ناسور کو فوجی آمر ضیا اور پرویز مشرف نے تحفظ دیا

ہفتہ 27 اگست 2016 20:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں الطاف حسین کی پاکستا ن کے خلاف ہرزہ سرائی بھارتی ایما پر ہے ، کراچی کے عوام محب دین و محب وطن ہیں ، ایم کیو ایم کے ناسور کو فوجی آمر ضیا اور پرویز مشرف نے تحفظ دیا اور نوازشریف ، بے نظیر بھٹو اور آصف علی زردار ی نے اس کی آبیاری کی ، کراچی میں امن اور پاکستان دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لیے سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ اپنا مائنڈ سیٹ بدلے اور آئینی ، قانونی اور غیر جانبدارانہ و منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائے ، الطاف حسین رفتہ رفتہ کراچی کے عوام کی نفرت کا نشانہ بنتے جائیں گے ، کراچی کے عوام کو لسانی عصبیت سے نجات پانا ہوگی ۔

(جاری ہے)

ان خیا لات کا اظہار لاہور روانگی سے قبل جماعت اسلامی کے 75 ویں یوم تاسیس کی تقریب اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بنگلہ دیش میں محب وطن رہنماؤں کی پھانسیوں نے دو قومی نظریہ ، بھارت کی پاکستان دشمنی اور جماعت اسلامی کی حب الوطنی کو پھر عیاں کر دیاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کرپشن نے پاکستان کے وسائل تباہ اور نظریاتی ، اخلاقی ، معاشی اور انتخابی نظام کو کھوکھلا اور ناکارہ کردیاہے ۔

اندر کی کمزوریوں کی وجہ سے پاکستان دشمن قوتیں اس کی قومی سلامتی پر حملہ آور ہیں ۔ کرپٹ قائدین اور کرپٹ عناصر نورا کشتی کے ذریعے عوام کو دھوکہ دے کر کرپٹ نظا م کو مضبوط کر رہے ہیں ۔ آٹھ ہزار ارب روپے کی سالانہ کرپشن ، غربت ، مہنگائی ، ناانصافی ، زراعت کی تباہی اور لوڈشیڈنگ کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کشمیریوں کی آزادی اور خود مختاری کے لیے لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے سے ہی خطے میں امن بحال ہو گا ۔

برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادیٔ کشمیر کو نیا ولولہ اور جذبہ دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ افغان بارڈر پر کشیدگی ،افغانستان میں تخریب کاری ، افغان بارڈر پر پاکستانی پرچم جلانا اور کراچی میں پاکستا ن کے خلاف ہرز ہ سرائی بھارتی ’’را‘‘ کی کاروائیاں اور کشمیر سے توجہ ہٹانے کے حربے ہیں۔ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کشمیر پر متفقہ ، مضبوط ، دوٹوک قومی پالیسی بنائے اور عالمی محاذ پر سفارتی جنگ لڑے ، بھارت کا ظلم بے نقاب کیا جائے ۔

بعد ازاں لیاقت بلوچ نے جلال باقری قبرستان جاکر پیر شریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کی قبر پر فاتحانہ خوانی کی اور دفتر جماعت اسلامی میں سابق ایم پی اے ملک محمد فاروق کھر ، ملک رفیق کھر، ملک الطاف کھر سے ملاقات کی ، ملکی وسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔