Live Updates

پی ٹی آئی نے 3 ستمبر کی احتجاجی ریلی کے روٹ کو حتمی شکل دیدی ، شاہدرہ سے چیئرنگ کراس آنے کا فیصلہ

مختلف جگہوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے، سیکیورٹی و ساؤنڈ کے لئے فول پروف انتظامات ہوں گے‘ عبدالعلیم خان سنٹرل پنجاب سے قافلے شاہدرہ پہنچیں گے، آئی ٹی ایف ، یوتھ ، خواتین، آئی ایس ایف، لیبرولائرز ونگ شریک ہونگے‘ اجلاس میں فیصلہ

ہفتہ 27 اگست 2016 20:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) تحریک انصاف نے 3 ستمبر کی احتجاجی ریلی کے لئے روٹ کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے مطابق تمام کارکن شاہدرہ میں چیئرمین عمران خان کا استقبال کرتے ہوئے ریلی کا آغاز کریں گے جو آزادی چوک ، بھاٹی گیٹ، ناصر باغ، لاہور ہائی کورٹ سے ہوتی ہوئی چیئرنگ کراس میں احتجاجی جلسے پر اختتام پذیر ہوگی۔

اس امرکا فیصلہ چیئرمین سیکرٹریٹ میں سنٹرل پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان کی زیرِصدارت منعقدہ پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں کیاگیا جس سے آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر اعجازچوہدری ، لاہور اربن کے صدر ولیداقبال ،لاہور رول کے صدر ظہیر عباس کھوکھرکے علاوہ قائدحزب اختلاف میاں محمود الرشیداور لاہور سے اراکین اسمبلی میاں اسلم اقبال، شعیب صدیقی اور ڈاکٹر مراد راس بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مختلف جگہوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے جبکہ لاہور شہر سے اس ریلی میں شرکت کے لئے ہر حلقہ قومی اسمبلی سے پارٹی کارکن شریک ہوں گے جن کی ذمہ داری اس حلقہ سے پارٹی رہنماؤں کی ہوگی ،اسی طرح سیکیورٹی ،ساؤنڈ اور خواتین انکلیوژر کے لئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔عبدالعلیم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سنٹرل پنجاب کے قافلے شاہدرہ پہنچیں گے جبکہ آئی ٹی ایف، یوتھ ، خواتین ، آئی ایس ایف، لیبرو لائرزونگ کی بھی بھرپور شرکت ہوگی ۔

آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ اس ریلی میں شہر بھر سے یونین کونسل کی سطح پر شرکت کو یقینی بنایاجائے گااور پوائنٹ ٹو پوائنٹ کی بنیاد پر انتظامات کئے جائیں گے۔ صدر پی ٹی آئی لاہوراربن ولید اقبال اور صدر رورل ظہیر عباس کھوکھر نے 3ستمبر کی ریلی کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں۔اس کمیٹی کاآئندہ اجلاس 29 اگست بروز سوموار دوپہر 2 بجے چیئرمین سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات