وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے22 ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی نمائندے مقرر کر دیا

مولانا فضل الرحمن، مشاہد حسین ، شازیہ مری، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ‘ رانا افضل ‘ اویس لغار ی، رضا حیات ہراج ‘نواب وسان ، طاہر اقبال ‘ محسن رانجھا اور دیگر شامل گروپ کے دوروں کی تاریخوں کا تعین باہمی مشاورت سے جلد کیاجائیگا، دوروں کی تکمیل پر رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائیگی

ہفتہ 27 اگست 2016 20:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیرکو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ارکان پارلیمنٹ کا 22 رکنی گروپ تشکیل دیکر انہیں اپنے خصوصی نمائندے مقرر کر دیا۔ ارکان پارلیمنٹ امریکہ ‘ یورپ ‘ خلیجی ممالک سمیت دیگر ممالک کا دورہ کر کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ‘ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کرے گا اور ان ممالک کی قیادت پر زور دیا جائیگا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اراکین پارلیمنٹ لائن آف کنٹرول پر بھارتی سیز فائر کیخلاف ورزی اور عام عوام کی ہلاکتوں کے حوالے سے عالمی برادری کو آگاہ کرے گا۔ ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق اعجاز الحق اور ملک عزیر پر مشتمل گروپ بلجئیم کا دورہ کرے گا ۔

(جاری ہے)

خسرو بختیار اور عالم داد لالیکا کا گروپ چین‘ عائشہ رضا فاروق ‘ رانا محمد افضل خان کا گروپ فرانس‘ رضا حیات ہراج ‘ جنید چوہدری ‘نواب علی وسان کا گروپ روس کا دورہ کرے گا‘ مولانا فضل الرحمن ‘ میجر (ر) طاہر اقبال اور افضل کھوکھر کا گروپ سعودی عرب ‘ محسن شاہ نواز رانجھا اور ملک پرویز کا گروپ ترکی ‘ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ملک اور قیصر شیخ کا گروپ برطانیہ ‘ سینیٹر مشاہد حسین سید اور ڈاکٹر شازیہ مری کا گروپ امریکہ ‘ اویس لغار ی اور ملک عبدالرحمن کانجو کا گروپ اقوام متحدہ ‘ جنیوا اور جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گا ۔

گروپوں کے دوروں کی تاریخیں باہمی مشاورت سے جلد طے کر لی جائیں گی۔ ترجمان کے مطابق پارلیمانی گروپ دنیا بھر کا دورہ کر کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ‘ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کرے گا اور ان ممالک کی قیادت پر زور دیا جائیگا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنے دوروں کی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کرے گا۔