بنگلادیشی سیکورٹی فورسز کی کارروائی ،ڈھاکاکیفے حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 4 دہشتگرد ہلاک

گزشتہ ماہ ڈھاکا میں ریسٹورنٹ پر حملے میں 18 غیر ملکیوں سمیت 29 افراد ہلاک ہو گئے تھے

ہفتہ 27 اگست 2016 19:11

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) بنگلادیشی سیکورٹی فورسز نے کارروائی کر کے ڈھاکا کیفے حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 4دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلا دیشی پولیس نے گزشتہ ماہ ریسٹورنٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت 4 دہشت گردوں کی فورسز کے ساتھ مقابلے میں ہلاکت کا دعوی کیا ہے۔بنگلا دیشی حکام کا کہنا ہے کہ ڈھاکا کے نواحی علاقے نارائن گنج میں پولیس نے ایک عمارت کی تلاشی لینا شروع کی تو ملزمان سے مقابلہ ہو گیا، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ڈھاکا ریسٹورنٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ تمیم احمد چوہدری سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈھاکا میں ریسٹورنٹ پر حملہ کرنے والے تمام ملزمان ہلاک ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یکم جولائی کو بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے پوش علاقے گلشن میں واقع ریسٹورنٹ پر حملے میں 18 غیر ملکیوں سمیت 29 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔بنگلہ دیشی کمانڈوز نے 12 گھنٹے تک کیفے کے محاصرے کرنے کے بعد 13 افراد کو بچا لیا تھا جبکہ چھ مسلح حملہ آوروں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے قبول کی تھی تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ مقامی شدت پسند تنظیم جمعیت المجاہدین بنگلہ دیش کا کام ہے۔خیال رہے کہ تمیم چوہدری 2013 میں کینیڈا سے بنگلہ دیش لوٹا تھے اور کالعدم تنظیم جے ایم بی کی قیادت کر رہاتھا۔

متعلقہ عنوان :