احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم اور دیگر کیخلاف 17 ارب کے کرپشن ریفرنس کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی

پاکستان میرا ہے‘ہمیشہ پاکستان کا نعرہ لگاؤنگا‘ موجود حالات اور ایم کیو ایم کی سیاست پر کچھ نہیں کہہ سکتا‘ ڈاکٹر کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 27 اگست 2016 19:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء) احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ پاکستان میرا ہے ، میں ہمیشہ پاکستان کا نعرہ لگاؤں گا۔احتساب عدالت کراچی میں ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف 17 ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

ڈاکٹرعاصم حسین کوسخت سیکورٹی میں عدالت پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

سماعت شروع ہوئی تو وکیل صفائی اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے عدالت سے کہا کہ تفتیشی افسر نے جو بیان جمع کرایا ہے وہ متضاد ہے۔ بیان میں جن دستاویزات کا ذکر ہے وہ ریکارڈ پر موجود نہیں۔ اس بیان کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنا ہے لہذا وقت دیا جائے۔ عدالت نے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ احاطہ عدالت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ پاکستان میرا ہے ، میں ہمیشہ پاکستان کا نعرہ لگاؤں گا۔ پاکستان کو مردہ کہنا مناسب نہیں ۔ موجود حالات اور ایم کیو ایم کی سیاست پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔ صحافی نے سوال کیا کہ عید پر آپ کیا قربان کریں گے تو جواب میں انہوں نے کہا کہ میں خود قربان ہو چکا ہوں۔