کراچی، تیز بارش سے نظام زندگی مفلوج ،مختلف علاقوں میں حادثات، 3 افراد جاں بحق

ے الیکٹرک کے کئی فیڈر ٹرپ، سڑکوں پر بارش کا پانی جمع، ٹریفک کی روانی بھی متاثر سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، متعدد مکانوں کی دیواریں گر گئیں

ہفتہ 27 اگست 2016 19:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 اگست ۔2016ء) کراچی میں ہفتہ کو تیز بارش سے نظام زندگی مفلوج ،مختلف علاقوں میں حادثات 3 افراد جاں بحق ہو گئے، کے الیکٹرک کے کئی فیڈر ٹرپ، سڑکوں پر بارش کا پانی جمع، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔کراچی میں ہونے والی تیز بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردی کراچی کی کئی اہم شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے اور سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

سپر ہائی وے خلجی گوٹھ میں مکان کی دیوار گرگئی جسکے نتیجے میں 14سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ3بچے زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد دی گئیں۔ الفلاح سوسائٹی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ شاہ فیصل کالونی کے علاقے عظیم پورہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

(جاری ہے)

بارش نے کے الیکٹرک انتظامیہ کے دعووں کی قلعی کھول دی، بارش کی پہلی بوند گرتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے لگے ، کے الیکٹر ک ترجمان کے مطابق بارش کے باعث شہر میں 200 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوئے جن پر کام جاری ہے۔

تیز ہواوٴں کے باعث سہراب گوٹھ میں لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں نصب ٹینٹ اکھڑ گئے۔ بارش کے باعث کراچی کے جناح انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر حد نگاہ50 میٹر رہ گئی تھی جس کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔ ایک گھنٹے کے دوران نہ تو کسی پرواز نے اڑان بھری ہے اور نہ ہی کوئی طیارہ لینڈ ہوا ہے تاہم موسم میں بہتری آتے ہی پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت دیدی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ پر 54 ملی میٹرریکارڈ کی گئی، پہلوان گوٹھ میں 22،یونیورسٹی روڈ پر 21،لانڈھی 26،نارتھ کراچی 12،فیصل بیس 10،گلستان جوہر میں 5.33 جبکہ گلشن حدید میں 5 ملی لیٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اس سے قبل کراچی میں ہفتہ کے روز سخت گرمی کے بعد دوپہر کیوقت اچانک موسم تبدیل ہو گیا تھاجس کے بعد مختلف علاقوں میں آندھی اور تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو وقفہ وقفہ سے جاری رہا ۔

نارتھ کراچی ،نیو کراچی ،ناظم آباد ،نارتھ ناظم آباد ،قائد آباد،کورنگی،ایئرپورٹ ،گلستان جوہر،گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی جب کہ آئی آئی چندریگر روڈ،صدر،ٹاور،کلفٹن اور ضلع جنوبی کے علاقوں میں گہرے سیاہ بادل دن میں رات کا منظر پیش کررہے تھے جہاں دیگر علاقوں کی نسبت کم بارش ہوئی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ چند روز تک جاری رہے گا اور اس دوران تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔

متعلقہ عنوان :