جماعت اسلامی کا آئندہ انتخابات سے قبل ملک میں جلد مردم شماری کرانے کا مطالبہ

مردم شماری جمہوریت کی بنیاد ہے،جس سے این ایف سی ایوارڈ سمیت وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جاسکتا ہے،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی

ہفتہ 27 اگست 2016 18:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے آئندہ انتخابات سے قبل ملک میں جلد مردم شماری کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری جمہوریت کی بنیاد ہے،جس سے نہ صرف این ایف سی ایوارڈ سمیت وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جاسکتا ہے بلکہ قومی وصوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے،ہردس سال کے بعد ملک میں شفاف مردم شماری کروانا حکومت وقت کی اخلاقی وآئینی ذمہ داری ہوتی ہے۔

مگر لگتا ہے کہ حکومت جان بوجھ کرتاخیری حربے استعمال کرکے عوام کو اپنے حق سے محروم کررہی ہے۔جس کی وجہ سے چھوٹے صوبوں کے ساتھ ہونے والی حکومتی ناانصافیوں پرخدشات وتحفظات بڑہ رہے ہیں۔اس سے قبل بلدیاتی انتخابات کرانے میں لیت ولعل سے کام لیا گیا بالآاخر عدالتی حکم کے باعث کرانے پڑے اورایک سال بعد میئر اورضلعی ناظمین کے انتخابات ہو پائے ہیں پھر وسائل اوراختیار دینے کا الگ مسئلہ ہے،جمہوریت کے دعویدارحکمرانوں کے اس طرح کے افسوس ناک رویوں نے دورآمریت کو بھی مات دے دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب یہ بات درست ثابت ہورہی ہے کہ جن کے مفادات وابستہ ہیں وہ صاف وشفاف انتخابات اورمردم شماری نہیں چاہتے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت تاخیری حربے استعمال کرنے کی بجائے آنکھیں کھولے اورجلدوشفاف مردم شمارے کرانے کے اقدامات کرے۔