سیکورٹی فورسز کی بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پاک۔ افغان سرحد کے قریب کارروائی- عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے اہم کمانڈر سمیت 6 شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 27 اگست 2016 18:51

سیکورٹی فورسز کی بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پاک۔ افغان سرحد کے قریب ..

کوئٹہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27 اگست۔2016ء) سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پاک۔ افغان سرحد کے قریب کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے اہم کمانڈر سمیت 6 شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا۔وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اراکین کو صوبے میں امن و امان کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر سیکیورٹی اداروں نے پاک۔

افغان سرحد کے قریب کارروائی کی۔سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران القاعدہ کے اہم کمانڈر سمیت 6 شدت پسندوں کو گرفتار کیا۔گرفتار شدت پسندوں کے قبضے سے جہادی لٹریچر، لیپ ٹاپس اور اسلحہ و بارود بھی برآمد کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں نے دہشت گردی کی تربیت افغانستان میں حاصل کی اور وہ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی بھرتی کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پراکسی وار جاری ہے اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں غیر ملکی ایجنسیوں کا اہم کردار ہے۔سیکیورٹی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گرفتار کیے گئے تمام شدت پسندوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد ’داعش‘ کے لیے نوجوانوں کو بھرتی کرکے شام بھیجنے کا بھی کام کر رہے تھے۔واضح رہے کہ پاک۔ افغان سرحد کے قریب پہلے بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک اور کئی کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں سے بیشتر کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔