بھارت سے کشمیر پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں،پہلے بھی پاکستان نے مذاکرات کیلئے قدم اٹھایا تھا مگر بے سود رہا ٗ عبد الباسط

جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون اور امن کے سلسلے کو آگے بڑھائیں گے ٗ پاکستانی ہائی کمشنر کی صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 27 اگست 2016 18:49

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ بھارت سے کشمیر پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں،پہلے بھی پاکستان نے مذاکرات کیلئے قدم اٹھایا تھا مگر وہ بے سود رہا۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے مذاکرات کیلئے ایک قدم آگے بڑھایا تھا تاہم اس کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا اور ہم نے بھارت کو مذاکرات کی دعوت بھی دی تھی تاہم اس کی بھارتی حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا اور ہم اب بھی سمجھتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر پر دونوں ممالک کو بات کرنے کی ضرورت ہے اور اس مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔

عبدالباسط نے بتایا کہ اسلام آباد میں 9 سے 10 دسمبر کو سارک کانفرنس ہورہی ہے جس میں امید ہے کہ سارک کے تمام رہنما اس میں شریک ہوں گے اور جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون اور امن کے سلسلے کو آگے بڑھائیں گے۔واضح رہے کہ 19ویں سارک کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد میں کیا جارہا ہے جس میں سارک ممالک سے تعلق رکھنے والے سربراہان مملکت شریک ہوں گے ٗ امید ہے کہ بھارتی ویزراعظم نریندر مودی بھی اس کانفنرس میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :