مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان کے تمام ادارے ایک صفحہ پر ہیں ٗدفتر خارجہ

مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے امریکا، برطانیہ، فرانس سمیت دنیا کے بڑے ملکوں میں مظاہرے کرینگے ٗچوہدری عبد المجید مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و بربریت کیخلاف کشمیریوں سے یکجہتی سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی

ہفتہ 27 اگست 2016 18:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان کے تمام ادارے ایک صفحہ پر ہیں ، تحریک آزادی کشمیر کیلئے جدوجہد کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھانے کیلئے موثر انداز میں کام کر رہا ہے، بھارت ظلم و استبداد کے ذریعے زیادہ عرصہ تک کشمیریوں کے حق آزادی کو سلب نہیں کر سکتا وہ کشمیر یوتھ فورم اور آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ کوشش کہ وہ آزادی کی جدوجہد کودہشت گردی کے ساتھ جوڑے، تمام بین الاقوامی اداروں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے بھارت کے اس موقف کو مسترد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سفارتکاری کا کردار اداکرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ 8 جولائی کے واقعہ کے بعد وزیراعظم محمد نوازشریف نے انسانی حقوق کے علمبرداروں اور اقوام متحدہ کو خطوط لکھے تاکہ کشمیر کی ا صل صورتحال سے دنیا کو آگاہ کیا جاسکے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سفراء نے اپنی میزبان حکومتوں کے سامنے بڑے موثر انداز میں اپنا موقف پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہونے والی باہمی ملاقاتوں میں ہمیشہ کشمیر کا ذکر شامل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر نے اپنے تمام ہم منصبوں کو خطوط لکھے ہیں تاکہ دنیا کے سامنے بھارت کا ظلم و بربریت ظاہر کیا جا سکے جو وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت سے دور رکھنے کیلئے کر رہا ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے امریکا، برطانیہ، فرانس سمیت دنیا کے بڑے ملکوں میں مظاہرے کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بھارت کا سیاہ چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے وزارت خارجہ کو مزید جارحانہ اور موثر کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر قومی اسمبلی کا فوری اجلاس طلب کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اوورسیز کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارت کی ظالمانہ اور جارحانہ پالیسی کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ کشمیر کاز مجھے سب سے زیادہ عزیز ہے، پاکستان کی آزادی کشمیر کی آزادی تک نامکمل ہے، اگر ہم کشمیر کے نام پر ووٹ مانگ سکتے ہیں تو ہمیں مسئلہ کشمیر کو اپنے قومی اور سیاسی ایجنڈے میں ہر وقت شامل رکھنا چاہئے۔

امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیریوں کو موجودہ صورتحال میں تنہا نہ چھوڑا جائے جونامساعد حالات میں بھارت کے ظلم و بربریت کو برداشت کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے علمبردار اداروں کو مزید متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر حکومت کو تجویز دی کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایک بڑے مارچ کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر سے متعلق بہترین کردار ادا کر سکتے ہیں، انہیں اس قومی مسئلے کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔

جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم نے کہا کہ پاکستان کی کشمیر پالیسی میں اب ایک تسلسل نظر آ رہا ہے جو خوش آئند بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کشمیر کے بارے میں بہت واضح تھے اور وہ چاہتے تھے کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے تاکہ وہ اپنی مرضی سے فیصلہ کر سکیں کہ انہیں کس کے ساتھ رہنا ہے۔ سیمینار کے اختتام پر آل پارٹی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء عبدالحمید لون نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و بربریت کیخلاف کشمیریوں سے یکجہتی سے متعلق قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔