لاہور سمیت صوبہ بھر میں حالیہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا، موسم میں کسی تبدیلی یا وقت سے پہلے سردی آنے کا کوئی امکان نہیں،ڈائریکٹر ریجنل میٹرالوجیکل سنٹر مہر صاحبزاد خان

ہفتہ 27 اگست 2016 18:42

لاہور سمیت صوبہ بھر میں حالیہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے ..

لاہور۔27 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست ۔2016ء ) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں حالیہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گاجس کے بعد وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ ستمبر کے مہینہ میں بھی جاری رہے گا، ڈائریکٹر ریجنل میٹرالوجیکل سنٹر لاہور مہر صاحبزاد خان نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ اس وقت تک ملک میں مجموعی طور پر بارشیں معمول کے مطابق ریکارڈ ہوئی ہیں تاہم پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشیں ہو چکی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے رواں مون سون سیزن کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی تھی، بارشوں کا یہ سلسلہ ستمبر میں بھی وقفے وقفے سے جاری رہے گا، مہر صاحبزاد خان نے بتایا کہ ابھی موسم میں کسی تبدیلی یا وقت سے پہلے سردی آنے کا کوئی امکان نہیں،انہوں نے بتایا کہ جولائی کے مہینہ میں ملک بھر میں معمول سے کم بارشیں ہوئیں جبکہ ریجنل سطح پراتار چڑھاؤ ریکارڈ کیا گیا،اس دوران پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوئیں،گلگت بلتستان میں معمول کے قریب جبکہ سندھ اور بلوچستان میں معمول سے بہت کم بارشیں ہوئیں،انہوں نے بتایا کہ یہی پیٹرن اب تک اگست کے مہینہ میں بھی جاری رہا تاہم حالیہ بارشوں کا سلسلہ ایک اچھا سپیل ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں چیف میٹرولوجسٹ فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن محمد ریاض نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ اس وقت ملک کے تمام بڑے دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں،آئندہ دو روز کے دوران پہاڑی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں اور دریائے چناب اور راوی کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1541.60فٹ ہے جبکہ اس میں پانی کی گنجائش 1550فٹ ہے،اسی طرح منگلا ڈیم میں پانی کی سطح1238.75 فٹ ہے جبکہ اس میں پانی کی گنجائش 1242فٹ ہے۔

متعلقہ عنوان :