پاکستان سویٹ ہومز کے ہزاروں بچے اس ملک کا اثاثہ ہیں، زمرد خان

ہفتہ 27 اگست 2016 18:40

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست ۔2016ء) پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ قائم دائم اور ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔ پاکستان سویٹ ہومز کے ہزاروں بچے اس ملک کا اثاثہ ہیں اور ان بچوں نے اس ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سویٹ ہومز میں منعقدہ تقریب ”جشن پاکستان زندہ باد“ کے موقع پر کی۔

تقریب میں قومی ترانہ فاونڈیشن کے تمام ممبران نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ترانہ فاونڈیشن کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی نے کہا کہ قومی ترانہ فاونڈیشن کا مقصد ہی یہی ہے کہ ملک پاکستان کو مضبوط کریں اور یہ ملک تب ہی مضبوط ہوگا جب ہم اس ملک کے نوجوانوں اور بچوں کی اچھی تر بیت کریں اور مجھے سویٹ ہومز آکر بہت خوشی ہوئی ہے اور مجھے یقین ہے کہ یہی بچے کل کے روشن پاکستان میں بہت بڑا حصہ ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

تقریب سے شریک چیرمین قومی ترانہ فاونڈیشن میجر جنرل ریٹائیرڈ وقار احمد نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے زمرد خان کو خراج تحسیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم سب اس کار خیر میں آجائیں اور لاوارث اور یتیم بچوں کو محفوظ کر لیں تو ہم دہشتگردی جیسی لعنت سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارا پا لیں گے۔ تقریب میں سویٹ ہومز کے ننھے فرشتوں نے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کئے جسے تمام شرکاء نے بہت سراہا۔

متعلقہ عنوان :