پنجاب یونیورسٹی کے زیرِاہتمام ترکی کے طلبہ کیلئے اردو بول چال کورس کا انعقاد

ہفتہ 27 اگست 2016 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 اگست ۔2016ء) پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی دو برادر اسلامی ممالک ہیں جن کے مابین علمی، تہذیبی، ثقافتی اور مذہبی یگانگت کی تاریخ کئی صدیوں پر پھیلی ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہٴ اردو، پنجاب یونیورسٹی کے زیرِاہتمام شعبہٴ اردو استنبول یونیورسٹی ترکی کے طلبہ و طالبات کے لیے ایک ماہ کے مختصر اردو بول چال کورس کی تکمیل کے موقع پر تقسیم اسناد کی تقریب میں شرکاء سے کیا۔

ڈاکٹر مجاہد کامران نے شعبہٴ اردو پنجاب یونیورسٹی کے زیرِاہتمام مختصر اردو بول چال کورس کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب یونیورسٹی اور ترک جامعات کے مابین علمی اشتراک اور علمی وفود کے تبادلوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمانِ اعزاز، شعبہٴ اردو، اوساکا یونیورسٹی کے پروفیسر سویامانے نے مختصر اردو بول چال کورس کے کامیاب شرکاء کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جاپانی جامعات کے طلبہ و طالبات اس نوعیت کے بول چال کورس میں شریک ہوں گے۔

تقسیمِ اعزازات کی تقریب میں ترک طلباؤ و طالبات نے پاکستانی ملی نغمے بھی پیش کیے۔ تقریب سے پرنسپل اورینٹل کالج و ڈین کلیہ علومِ شرقیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد فخرالحق نوری، پروفیسر ایمریطس (اردو) ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا، شعبہٴ اردو استنبول یونیورسٹی کی ریسرچ اسسٹنٹ خدیجہ گورگان اور صدرِشعبہٴ اردو پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے خطاب کیا اور پاک ترک دوستی کو معاصر عالمی منظرنامے میں خراجِ تحسین پیش کیا۔