پاکستان کو گالی دینے والا دراصل اپنی ماں کو گالی دیتا ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا

فاروق ستار ڈبل گیم کررہا ہے، دنیا بہت جلد الطاف کا عبرت ناک انجام دیکھے گی‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل

ہفتہ 27 اگست 2016 18:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامدرضا نے کہا ہے کہ پاکستان کو گالی دینے والا دراصل اپنی ماں کو گالی دیتا ہے، بھتہ خوروں اور قاتلوں کے خلاف مکافات عمل شروع ہوچکا ہے،دنیا بہت جلد الطاف کا عبرت ناک انجام دیکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سیاسی اور معاشی دہشتگردوں کے احتساب کا وقت آگیا ہے۔ مودی اور الطاف کی ہرزہ سرائی کا پاکستانی عوام نے بھر پور جواب دے دیا ہے۔ الطاف سے وابستگی ختم نہ کرنے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے۔سیکیورٹی فورسز نے کراچی میں خون خرابے کی بھارتی سازش ناکام بنادی ہے۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو پاکستان اور الطاف میں سے کسی ایک کا انتخاب کر نا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاروق ستار ڈبل گیم کررہا ہے۔ کراچی کو الطاف کی تصویروں سے پاک کرنے کا عمل خوش آئند ہے۔ فاروق ستار اور وسیم اختر ملک دشمن الطاف کو قائد کہنا چھوڑ دیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ غدار اچھا یا برا نہیں صرف غدار ہوتا ہے اس لئے ریاست اچھے یا برے غداروں میں تفریق نہ کرے۔ ایم کیو ایم سے سے 30سالوں کی خون ریزی کا حساب لیا جائے۔

حکومت ایم کیو ایم کے معاملے میں مصلحتوں کا شکار ہو ئی تو اسے شدید عوامی ردّ عمل کا سامناکرنا پڑے گا۔ وزیر اعظم ایم کیو ایم سے سیاسی اتحاد ختم کرنے کا دوٹوک اعلان کرے۔ کراچی میں الطاف کی تصویریں اٹھانے والا کو ئی نہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہر ا رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کا قاتل ونگ براہ راست الطاف کے کنٹرول میں ہے۔ وزیر اعظم کو الطاف کے معاملے پر برطانیہ سے دو ٹوک بات کرنی چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :