ایم کیوایم نے پاکستان کیخلاف انتہا ء کی ہرزہ سرائی کر کے قوم کے جذبات کو مجرو ح کیا ہے جسے کوئی پاکستانی برداشت کرنے کو تیار نہیں،راجہ پرویز اشرف

حکومت کوتمام سیاسی مصلحتوں سے بالا تر ہو کر ملک کی حفاظت کے لیے ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرنا ہوگی، سابق وزیراعظم کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 27 اگست 2016 18:23

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ایم کیوایم نے پاکستان کے خلاف انتہا ء کی ہرزہ سرائی کی ہے اور قوم کے جذبات کو مجرو ح کیا ہے ۔جس کو کوئی بھی پاکستانی برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں۔ حکومت ملک کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہوتی ہے اس لیے تمام سیاسی مصلحتوں سے بالا تر ہو کر ملک کی حفاظت کے لیے ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرنا ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز چیچہ وطنی میں ضمنی الیکشن حلقہ این اے 162کی انتخابی مہم میں پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری شہزاد سعید چیمہ کے ہمراہ 21/11-Lغازی آباد کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسابق وفاقی وزراء رانا فاروق سعید خاں سابق وفاقی وزیر ، طاہر عباس سندھو ،پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماڈاکٹر محمد اظہر کاہلوں ،افتخاربشیر چیمہ، چوہدری شفقت علی چیمہ ، راجہ ظفر عالم ، چوہدری جاوید گجر ، بابا وحید احمد، رانا کاشف حمید ، پیر ظہور الرحمن عرف جھوری شاہ،میجر غلام محی الدین ، چوہدری واحد غفور جٹ سمیت اہل دیہہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے خلاف نعرے لگانے اوردشمنوں کی زبان استعمال کرنیوالوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ حکومت نے ایم کیوایم کے متعلق نرم رویہ رکھ کر پاکستان کی عظمت پر ایک داغ لگایا ہے۔ حلقہ این اے 162پاکستان پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے ۔تمام کارکن ،پارٹی رہنما ، جیالے متحد ہو کر الیکشن مہم جاری رکھیں آپ کا امیدوار چوہدری شہزاد سعید چیمہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگا۔نوجوان ورکرز پاکستان پیپلز پارٹی کا سرمایہ ہے۔