بیس کیمپ کا 1947ء والا کردار بحال کیا جائے ، وزیر اعظم پاکستان اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس بلائیں، عبدالرشید ترابی

محمد نواز شریف کی طرف سے بھر پور سفارتی مہم کے لیے وفود تشکیل دینا خوش آئند ہے، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر

ہفتہ 27 اگست 2016 18:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کا 1947ء والا کردار بحال کیا جائے ، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس بلائیں، میاں نواز شریف کی طرف سے بھر پور سفارتی مہم کے لیے وفود تشکیل دینا خوش آئند ہے، پاکستان کے تمام ممبران قومی اسمبلی یونائیٹڈ نیشن دفتر اسلام آباد تک مارچ کریں ، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے تمام ممبران چکوٹھی تک یکجہتی کشمیر مارچ کا اہتمام کریں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حکومت پاکستان کے راستے میں اگر شملہ معاہدہ رکاوٹ ہے تو اس کا دور کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے ، برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جو انقلاب برپا ہوا ہے اور اس تحریک کو کچلنے کے لیے مودی نے جو ممنوعہ ہتھیار استعمال کیے ہیں اور انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں کی ہیں اس پر بانکی مون او آئی سی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے تشویش کا اظہا رکیاگیا ہے ، عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق میں ماحول موجود ہے ، اس سے استفادہ کرنے کی فوری ضرورت ہے اور بھارت کے چہرے کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی سمیت مقبوضہ کشمیر کے قائدین حریت سیز فائر لائن کی طرف مارچ کی کال دیں اور آزاد کشمیر سے بھی متفقہ طور پر سیز فائر لائن کی طرف مارچ کی کال دی جائے تاکہ اس مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے ۔