ڈی جی ایل ڈی اے نبیل جاویدکا مختلف علاقوں کا دورہ، نکاسی آب کے سلسلے میں واسا کے اقدامات کی نگرانی کی

بارشی پانی کے بلا تاخیر نکاس میں حائل رکاوٹیں فی الفور دور کی جائیں ،دستیاب وسائل کا بھرپور استعمال کیا جائے‘ نبیل جاوید

ہفتہ 27 اگست 2016 18:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نبیل جاوید نے گزشتہ روز شہر میں ہونے والی طوفانی بارش کے بعد نکاسی آب کے سلسلے میں واسا کے اقدامات کی ذاتی طور پر نگرانی کی اور مختلف علاقوں میں ڈی واٹرنگ سیٹ‘ سکر لاریاں‘جیٹر اور دیگر مشینری استعمال کرنے کے لئے متعلقہ عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں-گزشتہ روز شہر میں رواں موسم برسات کی تیز ترین بارش ہوئی جس کا غیر معمولی زور شہر کے جنوبی علاقوں گارڈن ٹاؤن ‘ گلبرگ اور ائر پورٹ کی جانب رہا -جہاں 110ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے حسین چوک گلبرگ‘فردوس مارکیٹ ‘مین بلیوارڈ گلبرگ اور برکت مارکیٹ گارڈن ٹاؤن سمیت مختلف مقامات کا دور ہ کر کے نکاسی آب کے لئے واسا کی طرف سے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا- ایم ڈی واسا چودھری نصیر احمد نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے کو نکاسی آب کے انتظامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہر کے 108ڈسپوزل و لفٹ سیشن اپنی بھرپور استعداد کے مطابق کام کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مختلف مقامات پر 40سکرمشینیں اور 59ڈی واٹرنگ سیٹ بھی کام کر رہے ہیں اور مختلف علاقوں سے نکاسی آب کا کام تسلی بخش طور پر جاری ہے ۔ واسا ہیڈ کوارٹر میں ایک مرکزی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں25مراکز شکایات 24گھنٹے کام کر رہے ہیں ۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے ہدایت کی کہ مختلف علاقوں سے بارشی پانی کے بلا تاخیر نکاس میں حائل رکاوٹیں فی الفور دور کی جائیں اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل کا بھرپور استعمال یقینی بنایا جائے ۔محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ دوبارہ بارش کی پیش گوئی موصول ہونے پر فوری طور پر آپریشن شروع کیا جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :