وزیراعلیٰ شہبازشریف کی جانب سے سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کیلئے’’ خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کی باقاعدہ منظوری

پنجاب کے 16جنوبی اضلاع کے سکولوں میں ترجیحی بنیادوں پر اضافی کمرے تعمیر کیے جائیں گے‘ وزیر تعلیم رانا مشہود کا بیان

ہفتہ 27 اگست 2016 17:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت پنجاب بھر کے سکولوں میں اضافی کمرے بنائے جانے کے منصوبے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے،منصوبے کے تحت پنجاب کے 16جنوبی اضلاع کے سکولوں میں ترجیحی بنیادوں پر اضافی کمرے بنائے جائیں گے۔

اپنے ایک بیان میں رانا مشہود احمد خاں نے بتایاکہ پنجاب بھرکے سکولوں میں ہزاروں اضافی کمرے تعمیر کیے جائیں گے اوران اضافی کمروں کی تعمیر سے طلبا و طالبات کومزید بہترتعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی۔ رانا مشہود نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ اورعدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات پرعمل پیرا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کیساتھ خستہ حال عمارتوں کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کے معماروں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے قوم کے پیسے کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ تیزرفتار ترقی کا واحدذریعہ معیاری تعلیم کا فروغ ہے ۔نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کیے بغیر ترقی اورخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے معیاری تعلیم کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے ۔صوبے کے کونے کونے میں مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے انقلابی اورموثر اقدامات کیے گئے ہیں ۔پنجاب حکومت کے فروغ تعلیم کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج مرتب ہورہے ہیں ۔