کراچی کی احتساب عدالت نے جے جے وی ایل ریفرنس کیس کی سماعت 10ستمبر تک ملتوی کردی

پاکستانی ہوں میں اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ ہی لگاؤں گا،میں کیا قربانی دوں گا میں تو خود قربان ہوچکا ہوں ،ڈاکٹرعاصم کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 27 اگست 2016 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) کراچی کی احتساب عدالت نے جے جے وی ایل ریفرنس کیس کی سماعت 10ستمبر تک ملتوی کردی ہے ۔ہفتہ کو کراچی کی احتساب عدالت میں جے جے وی ایل ریفرنس کیس کی سماعت ہوئی ۔عدالت میں ڈاکٹرعاصم کے ساتھ شریک ملزمان بھی پیش ہوئے۔ عدالت میں ملزمان کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کی ضمانتوں سے متعلق درخواستیں دائرہیں سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے تک فردجرم عائدنہ کی جائے۔

(جاری ہے)

ہم نے ایس ای سی پی ایل اور او جی ڈی سی ریکارڈ حاصل کرلیا ہے لیکن نیب کی جانب سے ہمیں دستاویزات فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔ عدالت میں وکلا کا کہنا تھا سرکاری وکیل تفتیشی آفیسر کی جانب سے تحریری یقین دہانی پر ہی دلائل دیں گے۔ عدالت میں تفتیشی آفیسر کی جا نب سے تحریری یقین دہائی کرائی گئی کہ جو دستاویزات دی گئی ہیں اس پر ہی کیس چلایا جائے گا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 10ستمبر تک ملتوی کردی ہے ۔ سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا کہ میں پاکستانی ہوں میں اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ ہی لگاؤں گا۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں قربانی کیا کروں گا میں توخود قربان ہوچکا ہوں۔