اقلیتی برادری کے عبادت گاہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائینگے، ڈاکٹر کھٹو مل

ہفتہ 27 اگست 2016 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اقلیتوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ مندروں ، گرجا گھروں اور گردواروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی جائے گی تاکہ اقلیتی برادری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی بے خوف و خطرکرسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ہندو ، عیسائی اور سکھ برادری کے مختلف وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔ ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ اقلیتی برادری ملک کی ترقی اور تعمیر میں اپنا مثبت کردار مزید بہتر انداز سے ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر مختلف اضلاع میں ٹاؤن کمیٹیوں ، میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اٹھارہ چیئرمین اور وائس چیئر مین منتخب ہونا غیر مسلم عوام کو بااختیار بنانے کی روشن مثال ہے۔

ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا کہ اقلیتی امور کے محکمہ کے فنڈز بلا تفریق اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کئے جارہے ہیں انہوں نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اقلیتی امور کے محکمہ کے بجٹ میں سو فیصد اضافہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :