ایف ٹی سی مویشی منڈی میں ناقص انتظامات ،کانگووائرس پھیلنے کے خدشات میں اضافہ

کراچی میں ہونیوالی بارش کے بعد ایف ٹی سی منڈی کی صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی

ہفتہ 27 اگست 2016 17:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) عیدالاضحی کے موقع پر کراچی میں عارضی مویشی منڈیاں قائم کی جاتی ہیں،لیکن ان منڈیوں میں حفاظتی اقدامات سرے سے موجود ہی نہیں ہوتے ۔ایف ٹی سی کے مقام پر قائم کی گئی عارضی مویشی منڈی جہاں بکرے، گائے فروخت کے لیے تو لائے گئے ہیں لیکن خوف کی علامت سمجھے جانے والے کانگو وائرس کے لیئے نہ تو کے ایم سی کی ویٹرنی ٹیمیں موجود ہیں اور نہ ہی ڈاکٹرز۔

حد تو یہ ہے کہ جانوروں کو پلانے کا پانی بھی منڈی انتظامیہ نے فراہم نہیں کیا، بیوپاریوں کو فی گیلن ڈھائی سو روپے کے حساب سے پانی خریدنا پڑ رہا ہے۔ایف ٹی سی منڈی ڈی ایچ اے کی حدود میں قائم ہے، ڈی ایچ اے انتظامیہ کے بلند و بانگ دعوے غیرموثر اقدامات اور ناقص انتظامات کی پول کھول رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو کراچی میں ہونے والی بارش کے بعد ایف ٹی سی منڈی کی صورت حال انتہائی ابتر ہوگئی ہے اور جانوروں میں بیماری پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں ۔

محکمہ موسمیات نے شہر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی تاہم منڈی انتظامیہ اس حوالے سے کوئی انتظامات نہیں کیے ہیں ۔شہر میں پہلے ہی کانگو کئی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں ۔کانگو وائرس جانوروں سے انسان میں منتقل ہوتا ہے ۔اگر حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے مویشی منڈی شہر میں کانگو وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :