وفاقی محتسب کے افسران 435تحصیلوں میں عام شہریوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر مفت اور فوری انصاف فراہم کررہے ہیں، شکایات کا فیصلہ صرف 25روز میں کیا جاتا ہے

ہفتہ 27 اگست 2016 16:39

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست۔2016ء) وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی کی ہدایت پر وفاقی محتسب کے افسران ایک پائلٹ پروجیکٹ کے تحت پاکستا ن کی 435تحصیلوں میں جا کر عام شہریوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر مفت اور فوری انصاف فراہم کررہے ہیں او رایسی شکایات کا فیصلہ صرف 25روز میں کیا جا رہا ہے۔وفاقی محتسب کے ترجمان کے مطابق وفاقی محتسب کے افسران پورے ملک کی تحصیلوں میں جا کر عام شہریوں کو انصاف فراہم کر رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب نے غریب عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے ان کے گھر کے قریب شکایات کی سماعت کا پروگرام بنایا ہے او رایسی شکایات کا فیصلہ صرف 25دن میں کر دیا جاتاہے ۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کا کوئی بھی شہری ایک سادہ کاغذ پر وفاقی حکومت کے کسی ادارے کے خلاف درخواست لکھ کر بھیج دے یاای میل کے ذریعے شکایت کر دے تو وفاقی محتسب میں اس پر کارروائی شروع کر دی جاتی ہے اور شکایت گزار کو ایک پیسہ خرچ کیے بغیر انصاف مل جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے گزشتہ تین برس کے دوران دو لاکھ 53ہزار شکایات کو نمٹایا ہے جو پوری دنیا میں ایک ریکارڈ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر تمام سرکاری ادارے پاکستان کے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کا تہیہ کر لیں تو پاکستان امن کاگہوارہ بن جائے گا ۔وفاقی محتسب کے ترجمان نے بتایا کہ کوئی بھی پاکستانی شہری وفاقی محتسب پاکستان‘ اسلام آباد کے نام شکایت بھیج دے تو اس پر اسی روز کارروائی شروع ہو جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب میں آنے والی ہر شکایت کا فیصلہ اب 45روز میں کیا جارہا ہے تاہم ہمارے افسران تحصیلوں میں جا کر جن شکایات کی سماعت کرتے ہیں ان کا فیصلہ 25روز میں کر دیا جاتا ہے۔