قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کشمیرو گلگت بلتستان کا آزاد کشمیر میں تعلیمی معیار پر اظہار اطمینان

ہفتہ 27 اگست 2016 16:30

مظفرآباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست۔2016ء) قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کشمیرو گلگت بلتستان نے آزاد کشمیر میں تعلیمی معیار پراطمینان کااظہارکیاہے ۔ اسلام آباد میں منعقدہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں سیکرٹری تعلیم اسکولز راجہ عباس، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن شاہد محی الدین اور سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات منصور قادر ڈار نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمیٹی کے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری تعلیم راجہ عباس نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سرکاری سکولوں نے ایلیمنڑی میں 80 فیصد سے زیادہ نتائج دیئے ہیں جس پر کمیٹی کے ارکان نے محکمہ تعلیم کو خراج تحسین کا مستحق قرار دیاہے۔ سیکرٹری تعلیم راجہ عباس نے کہا کہ آزاد کشمیر میں زلزلے میں تباہ شدہ سکولز میں اب بھی 683 تعلیمی ادارے تعمیر نہیں ہوئے جس پر کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ وہ ان تعلیمی اداروں کی تعمیر میں تاخیر پر ایرا سے بریفنگ لیں گے اور ان کی تعمیر کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لایں گے۔

قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کشمیرو گلگت بلتستان نے سیکرٹری تعلیم سکولز راجہ عباس کی طرف سے دورہ آزاد کشمیر کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلد مظفر آباد کا دورہ کریں گے۔