مخالفین منفی پروپیگنڈوں کی بجائے پی ٹی آئی کی مثبت اور اچھی پالیسیوں کو سراہیں،محمود خان

ہفتہ 27 اگست 2016 16:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ‘ثقافت‘میوزیم وامور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مظلوم اورپسے ہوئے طبقات کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔جس نے صوبے کے عوام کو مفاد پرست لوگوں سے نجات دلاکر عام آدمی کو بااختیار بنادیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی‘قومی وطن پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی ممتاز شخصیات باچاوٴس خان‘بخت منیر‘عمران‘عثمان غنی‘فرمان‘صوفی جان‘خالد‘انور علی ‘سعید خان‘احمدخان ‘اخترحسین اور محمدابراہیم نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں رشتہ داروں کے ہمراہ اپنی اپنی سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی اور پی ٹی آئی کے قائد عمران خان ا ورصوبائی وزیر محمود خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے مشن کو صوبے کے کونے کونے تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرمحمود خان نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے نئے ورکروں کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے نہ صرف پارٹی مضبوط ہوگی بلکہ علاقے کی تعمیر وترقی میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس خطے کو تمام وسائل سے مالامال کیا ہے لیکن بدقسمتی سے کسی نے صحیح طریقے سے انہیں استعمال نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کی محرومیوں کا آزالہ کرنے کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پی کے84مٹہ سوات میں گبین جبہ روڈ کی تعمیر کیلئے 50کروڑ روپے اور مٹہ سوات میں گرلز کالج کی منظوری دی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاغذی شیروں اور لالٹینوں کا دور گزرچکا ہے۔مخالفین بے بنیاد پروپیگنڈوں کی بجائے پی ٹی آئی کی مثبت اور اچھی پالیسیوں کو بھی سراہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مفاد پرست سیاستدانوں نے عوام سے دھوکے اور پرفریب نعروں کے ذریعے ووٹ حاصل کئے اور ملک و قوم کی کوئی خدمت نہیں کی۔محمود خان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست کا بنیادی مقصد غریب عوام کی بے لوث خدمت اور معاشرے سے ظلم ونا انصافی کا خاتمہ ہے۔تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے یونین کونسل چپریال کے ضلعی کو نسلر بہادر خان نے کہا ہے کہ ان شخصیات کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کا تحصیل مٹہ سے سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے اور حلقہ پی کے84مٹہ سوات پی ٹی آئی کا ایک مضبوط گڑھ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مخالفین کو ایک بار پھرعبرت ناک شکست سے دوچار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر محمود خان نے اپنے حلقہ نیابت مٹہ سوات میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام کئے ہیں جن کی تکمیل سے ایک نئے دور کا آغا ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :