لاہور ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران نجی ائیر لائنز کی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا ،تمام مسافر اور طیارہ محفوظ رہے

ہفتہ 27 اگست 2016 16:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) لاہور ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران نجی ائیر لائنز کی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا تاہم تمام مسافر محفوظ رہے ، طیارے کو تفصیلی معائنے کے بعد کلیئر قرار دیدیا گیا ، بارش کے باعث میں دبئی اور کویت سے آنے والی 2پروازوں کو ملتان بھجوا دیا گیا جبکہ چار پروازوں کو ٹیک آف سے بھی روک دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات دوران لینڈنگ نجی ائیر لائنز کی ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز سے اچانک پرندہ ٹکرا گیا جس کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر لاہور ایئرپورٹ انتظامیہ کو پرندہ ٹکرانے کے واقعے سے آگاہ کر دیا۔اطلاع ملتے ہی لاہور ایئرپورٹ پرموجود سول ایوی ایشن اور اتحاد ایئرلائنز کے تکنیکی ماہرین نے جہاز کا تفصیلی معائنہ مکمل کیا جس میں یہ حقیقت سامنے آئی کہ اتحا دایئر لائنز کے طیارے سے پرندہ ٹکرانے کا معاملہ معمولی نوعیت کا ہے۔

(جاری ہے)

جہاز کو تفصیلی معائنے کے بعد پرواز کے لیے کلیئر قرار دے دیا گیا جس کے بعد اسی طیارے کو لاہور سے واپس ابوظہبی روانہ کر دیا گیا۔دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن انتظامیہ کی جانب سے قائم فلائیٹ انکوائری کے مطابق شہر بھر سمیت لاہور ایئرپورٹ اور اس کے اطراف انتہائی خراب موسم اور مسلسل دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی طوفانی بارش کے نتیجے میں نجی ائیر لائنز کی دبئی سے لاہور آنے والی پرواز 624کو لاہور لینڈ کروانے کی بجائے مسافروں اور عملے کے ہمراہ ملتان بھجوا دیا گیا۔

اسی طرح ایک اور نجی ائیر لائنز کی کویت سے لاہور آنے والی پرواز 422کو بھی لاہور لینڈ کروانے کی بجائے ملتان بھجوا دیا گیا۔سول ایوی ایشن انتظامیہ کے مطابق لاہور ایئرپورٹ اور اس کے اطراف موسم انتہائی خراب ہونے کی وجہ سے دونوں پروازیں لاہور لینڈ نہیں کر سکیں۔لاہور سے روانگی کے لیے تیار چار پروازوں کو بھی ٹیک آف سے روک دیا گیا۔ چار گھنٹے بعد لاہور کا موسم بہتر ہونے پر دونوں پروازوں کو ملتان سے واپس لاہور بلوا لیا گیا تاہم دونوں پروازوں سے آنے جانے والے مسافروں کو اس دوران سخت مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :