چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے دو روزہ سمٹ پرسوں اسلام آباد میں ہو گی

ہفتہ 27 اگست 2016 15:26

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست ۔2016ء) پاکستان اور چین کے مابین آزمودہ دوستی اور ملک و خطے کے استحکام کے مظہر چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے اہم ترین اور کلیدی دو روزہ سمٹ پیر کو یہاں اسلام آباد میں ہو گی۔ پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر میں منعقدہ دو روزہ سمٹ سے متعلق ہونے والی پیش رفت ، مدت تعین اور سرمایہ کاری سمیت تمام کلیدی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور تمام وزارتیں، محکمہ جات اور صوبے اس حوالے سے اب تک کی کسی پیش رفت سے کانفرنس کے شرکاء کو آگاہ کریں گے۔

دو روزہ کانفرنس کے دوران ایک خصوصی نمائش کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں منصوبے کے روٹ، زیر تعمیر منصوبوں، توانائی اور آبی ذخائر کے منصوبوں اور دیگر گرانقدر منصوبوں کی ہیئت اور اہمیت سے متعلق ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزرائے اعلیٰ صاحبان، وفاقی وزراء، سرکاری اور نجی تحقیقی اداروں کے نمائندے اور دیگر سٹیک ہولڈرز پا کستان میں چین کے سفیر اور چینی کمپنیوں کے سربراہان اور نمائندے اہم ترین دو روزہ کانفرنس میں خصوصی طور پر شریک ہوں گے اور پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی اور روشن مستقبل کے شاہکار راہداری منصوبوں پر سیر حاصل تبادلہ خیال کریں گے۔

اس سمٹ میں 8 سیشن ہوں گے افتتاحی سیشن سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال، معاون خصوصی طارق فاطمی، چینی سفیر سن وی ڈانگ، چین میں پاکستانی سفیر مسعود خالد، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پلاننگ کمیشن اور سی پیک ڈاکٹر صفدر سہیل، سابق سفیر منیر اکرم، سرمایہ کاری بورڈ، چیئرمین ڈاکٹر مفتاح اسماعیل، وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگہ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین شاہد تارڑ جبکہ سمٹ کے اختتامی سیشن سے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ پرویز خٹک، شہباز شریف، ثناء اللہ زہری، سید مراد علی شاہ، راجہ فاروق حیدر خان اور حافظ حفیظ الرحمان بھی سی پیک منصوبے کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرینگے۔