الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا پہلا مرحلہ پیر کو مکمل ہو گا

ہفتہ 27 اگست 2016 15:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا پہلا مرحلہ پیر کو مکمل ہو گا ‘ دوسرے مرحلے میں یہ انتخابی فہرستیں 20 ستمبر سے 10 اکتوبر تک ڈسپلے مراکز میں آویزاں کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق انتخابی فہرستوں پرنظرثانی و تجدید 2016ء کے تحت 10 اگست سے گھر گھر تصدیق کا عمل شروع کیا گیا تھا جو 29 اگست کو مکمل ہو گارپورٹ کے مطابق اس وقت تک پنجاب میں یہ تصدیقی عمل تکمیل کے قریب ہے اور 94 فیصد تک کام مکمل کیا جا چکا ہے۔

سندھ میں 88 فیصد، خیبر پختونخوا اور فاٹا میں 93 فیصد جبکہ بلوچستان میں 89 فیصد اور اسلام آباد میں 91 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر اس مقصد کیلئے کھلے رکھے گئے ہیں۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق ووٹر انتخابی فہرستوں میں اپنے ووٹ کے اندراج کی تصدیق کیلئے 8300 پر ایس ایم ایس کر کے بھی تفصیلات لے سکتے ہیں۔ ۔