احتساب تحریک سے کرپشن کر کے دولت کے انبار لگانیوالوں کی صفوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے ‘ جمشید چیمہ

ہفتہ 27 اگست 2016 14:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی کرپشن کیخلاف احتساب تحریک دورس نتائج کی حامل ہو گی اور یہی وجہ ہے کہ کرپشن کر کے دولت کے انبار لگانے والوں کی صفوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے ، عمران خان اور ان کے ساتھیوں کا راستہ روکنے اور انہیں خاموش کرانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں لیکن کسی قیمت پر بھی اس تحریک کو کامیاب بنائیں گے ۔

گزشتہ روز ملاقات کے لئے آنے والے کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکمرانوں کی شدید خواہش ہے کہ عمران خان ان سے ڈیل کر کے ان کے ٹولے میں شامل ہو جائیں لیکن پوری قوم جانتی ہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ نے ہمیشہ اپنی ذات کی بجائے ملک و قوم کے مفاد کو ترجیح دی ہے ۔

(جاری ہے)

عمران خان واحد سیاستدان ہیں جنہوں نے وقت کے حکمرانوں کو میدان میں آکر للکارا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پسے ہوئے طبقات کی جنگ لڑ رہے ہیں کیونکہ جب تک کرپشن کرنے والے حکومت میں اور با اختیار رہیں گے غریب کو اس کا حق نہیں مل سکتا۔ کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی جنگ میں سب عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں اور انشا اللہ فتح عوام کی ہو گی جسکے بعد نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ہماری تحریک کا مقصد نظام کو تلپٹ کرنا نہیں بلکہ ہم کرپشن کرنے والوں کا احتساب چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کرپشن کر کے دولت کے انبار لگانے والوں کی صفوں میں ایک ہلچل مچی ہوئی ہے اوروہ اپنے بچاؤ کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :