میڈیا ہاوٴسز پر حملہ ‘ ایم کیوایم کی 3 خواتین جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ہفتہ 27 اگست 2016 14:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء)شہر قائد میں نجی نیوز چینلز کے دفاتر پر حملوں کے الزام میں ایم کیو ایم کی 3 خواتین کارکن کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیاگیا ہے۔ہفتہ کو کراچی پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے منتظم جج کے روبرو ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والی 3 خواتین کارکنوں رابعہ، قراة العین اور سمیرا کو پیش کیا۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ پیش کی گئیں تینوں خواتین کو سی سی ٹی کیمروں، میڈیا فوٹیج اور گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ تینوں خواتین کو جسمانی ریمانڈ پر حوالے کیا جائے تاکہ دیگر ملزمان کو گرفتار اور تفتیشی عمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔ عدالت نے تینوں خواتین کو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پیشی کے بعد قراة العین سے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ قسم کھا کر کہتی ہیں ہم نے پاکستان مخالف نعرہ نہیں لگایا ‘ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں اور پاکستان زندہ باد ہے۔واضح رہے کہ گرفتار ہونے والی تین خواتین میں سے 2 رابعہ اور قراة العین ماں بیٹی اور ایم کیو ایم کی منتخب بلدیاتی کونسلرز ہیں۔