ایم کیو ایم خود کو اپنے قائد سے الگے کرے ‘حکومتی تنبیہ

ہفتہ 27 اگست 2016 14:27

ایم کیو ایم خود کو اپنے قائد سے الگے کرے ‘حکومتی تنبیہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو خبردار کیا ہے کہ وہ خود کو اپنے قائد الطاف حسین سے الگ کرے ورنہ اسے خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران واضح کیا کہ ایم کیو ایم کو بطور سیاسی جماعت پاکستان میں سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے گی تاہم اس کے لیے ایم کیو ایم کو اپنے آئین میں ترمیم کرکے تمام فیصلے پاکستان میں کرنے ہوں گے اور خود کو الطاف حسین سے الگ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مہاجر پاکستان کا اثاثہ ہیں اور صرف قائد متحدہ کی وجہ سے کراچی کے مہاجروں کو دیوار سے نہیں لگایا جاسکتا۔الطاف حسین کی اشتعال انگیز اور پاکستان مخالف تقریر کا معاملہ برطانوی حکومت کے سامنے اٹھانے کے حکومتی فیصلے کے حوالے سے مصدق ملک نے کہا کہ حکومت نے برطانیہ سے ناصرف حکومتی سطح پر الطاف حسین کا معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ اس حوالے سے اسکاٹ لینڈ یارڈ کو باضابطہ درخواست بھی دی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ برطانوی حکومت سے قائد ایم کیو ایم کی حوالگی کا مطالبہ بھی کیا جاسکتا ہے تاہم اس کیلئے ہمیں کچھ قانونی تقاضے پورے کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقریر برطانیہ میں بڑا جرم ہے اور امید ہے کہ برطانوی حکومت قائد متحدہ کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

متعلقہ عنوان :