حجاب کا عالمی دن کل منایا جائے گا

ہفتہ 27 اگست 2016 13:52

فیصل آباد۔27 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست۔2016ء)پاکستان سمیت دنیا بھر میں 4ستمبربروزاتوار کو حجاب کا عالمی دن بھر پور طریقے سے منایا جائے گا ۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن فار دی پروٹیکشن آف حجاب سمیت بعض دیگر تنظیمو ں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں حجاب کی اہمیت ، افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی جبکہ تمام بڑے شہروں میں خصوصی سیمینارز اور کانفرنسز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں مسلمان خواتین مختلف انداز میں پردے اور اپنے آپ کو ڈھانپنے کاطریقہ اختیار کرتی ہیں جن میں حجاب اور سکارف بھی ایک اہم عنصر کے طور پر شامل ہے اور مذکورہ حجاب جس کا استعمال نوجوان نسل کی لڑکیوں اور خواتین میں تیزی سے فروغ پار ہا ہے مسلمان خواتین کا قابل فخر امتیاز ہے۔

(جاری ہے)

عالمی یوم حجاب کے موقع پر فرانس، ہالینڈ، ڈنمارک سمیت بعض دیگر یورپی ممالک میں حجاب پر عائد پابندی کے خلاف بھی سخت احتجاج کیا جائے گا۔

مذکورہ دن 4ستمبر 2004ء سے اس فیصلے کے خلاف منایا جاتا ہے جب فرانس میں حجا ب پر پابندی کا قانون منظور ہوا۔ اس موقع پر اس عزم کا بھی اعادہ کیا جائے گا کہ حجاب اسلام کا عطا کردہ معیار عزت و عظمت ، حکم خدا وندی اور مسلمان خواتین کیلئے فخر اور وقار کی علامت ہے۔