کانگو وائرس کے خدشات،شہری چھوٹے بچوں کومویشی منڈیوں میں نہ لے جائیں،جانوروں کو کلورین ملے پانی سے نہلائیں،وزارت صحت

ہفتہ 27 اگست 2016 13:39

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست۔2016ء) وفاقی وزارت صحت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر کانگو وائرس کے خدشات کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھرکے عوام سے اپیل کی ہے کہ مویشی منڈیوں میں چھوٹے بچوں کو ہمراہ لے کر نہ جائیں اور قربانی کے جانور خریدنے سے قبل اس بات کا خیال رکھیں کہ جانور صاف ستھرے ہوں اور کانگو وائرس کا باعث بننے والے چیچڑوں سے پاک ہوں۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے وزارت کے عملے کو اس حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت صحت کے عملے سے کہا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لگنے والی مویشی منڈیوں پرخصوصی نظر رکھی جائے اور اس سلسلہ میں متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کانگو وائرس کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکن حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں۔ عوام الناس کو چاہئے کہ گھروں میں جب قربانی کے جانور لائیں تو سب سے پہلے انہیں کلورین ملے پانی سے نہلائیں اور اپنے بچوں کو جانوروں سے جس قدر ممکن ہو دور رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :